• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسکر ایوارڈ کیلئے پہلی بار سوڈان کی فلم’یو ول ڈائی ایٹ 20‘نامزد

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)فلمی دنیا کے معتبر ترین فلمی ایوارڈ آسکر کی دوڑ میں پہلی بارافریقی ملک سوڈان شامل ہوگیا۔ اس ضمن میں سوڈان کی جانب سے آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد کی جانے والی پہلی فلم کا انتخاب کرلیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق آسکر کے لیے سوڈانی فلمساز امجد ابو کی ایوارڈ یافتہ فیچر فلم ʼیو ول ڈائی ایٹ 20‘ کو سوڈان کی بہترین انٹرنیشنل فیچر فلم کی کیٹیگری کے لیے بطورِ سرکاری نامزدگی پیش کیا گیا۔اس حوالے سے فلم کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری پوسٹ میں کہا گیا کہ ʼہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے بہت فخر محسوس ہورہا ہے کہ سوڈان، امجد ابو کی ایوارڈ یافتہ فیچر فلم ʼیو ول ڈائی ایٹ 20ʼ کے انتخاب کے ساتھ اکیڈمی ایوارڈز کی دوڑ میں داخل ہوگیا ہے۔پوسٹ میں کہا گیا کہ اس فلم کو 2021 کے اکیڈمی ایوارڈز کے لیے ملک کی پہلی بہترین انٹرنیشنل فیچر فلم کی کیٹیگری کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔مزید کہا گہا کہ یہ سوڈانی سنیما کی تاریخ کی صرف آٹھویں فیچر فلم ہے، جو ملک کے ثقافتی منظرنامے کے ایک اہم لمحہ کی نشاندہی کرتی ہے اور مقامی فلمسازوں کے لیے ایک نئی لہر کے دروازے کھول رہی ہے تاکہ وہ اندرون و بیرون ملک شائقین تک اپنی کہانیاں، آوازیں اور خیالات پہنچائیں۔ خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں پیدا ہونے والے ڈائریکٹر امجد ابو نے ماضی میں عرب نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ ’ہم یہ فلم بناتے وقت جانتے تھے کہ یہ ایک بڑا پروجیکٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بہت اہم پروڈیوسرز سے ملاقات کی تھی اور ہر شخص ہمیشہ آئیڈیا اور فلم سے متعلق پرجوش رہتا تھا اس لیے ہمیں کامیابی کی توقع تھی لیکن یہ کامیابی ہماری توقع سے کہیں زیادہ تھی۔فیچر فلم ʼیو ول ڈائی ایٹ 20ʼ کا پریمیئر 2019میں وینس فلم فیسٹیول میں پیش کیا گیا تھا اور اس فلم نے لائن آف دی فیوچر ایوارڈ بھی حاصل کیا تھا۔اس فلم کو ایلگونا فلم فیسٹیول میں بھی نمائش کے لیے پیش کیا گیا تھا جہاں اس نے بیسٹ نیریٹو فیچر کے لیے گولڈن اسٹار حاصل کیا تھا۔آسکر اکیڈمی کی جانب سےفلموں کی نامزدگی کی فہرست جاری کرنے کے بعد 25اپریل کو لاس اینجلس میں 93 ویں ایوارڈز کی تقریب منعقد ہوگی، تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ ایوارڈز تقریب ہر سال کی طرح ہی ہوگی یا اسے کورونا کے پیش نظر محدود یا مختصر کیا جائے گا۔

تازہ ترین