• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انڈسٹری کو 25 سال دینے کے بعد اب تھک چکی ہوں: مہرین جبار

پاکستان انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی ہدایت کار و فلم ساز مہرین جبار کا کہنا ہے کہ انڈسٹری کو 25برس کا طویل عرصہ دینے کے بعد اب تھک چکی ہیں۔

مہرین جبار نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ وہ ڈراموں میں کہانی مختلف انداز میں بیان کرنے کی قائل ہیں، بلاوجہ کہانی کو بڑھانا انہیں پسند نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈرامے کو طویل کرنے سے کہانی کمزور پڑ جاتی ہے۔

مہرین جبار نے انٹرویو میں غیر ضروری طور پر ڈراموں کو بڑھانے کے ٹی وی چینل مالکان کے ایک ناخوشگوار تجربے کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ تین سال قبل 2017 میں انہوں نے ایک ڈرامے کی ہدایات دی تھیں جو 24 قسطوں پر مشتمل تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ٹی وی چینل کی انتظامیہ نے اشتہارات کی مد میں کمائی کرنے کی غرض سے اسے بڑھا کر 30 قسطوں تک کردیا۔

فلم ساز مہرین ضبار نے کہا کہ ایسے ہی عمل کی وجہ سے غیر ضروری اور جاہلانہ کہانیوں میں اضافہ ہوتا رہتا ہے اور ڈرامے کا معیار بھی گرتا ہے لیکن ٹی وی انتظامیہ اپنی ریٹنگ کے چکر میں یہ سب کچھ کرتی ہے۔

مہرین نے انٹرویو کے دوران نئے باصلاحیت فنکاروں کی تعریف بھی کی، انہوں نے کہا کہ انڈسٹری میں اس وقت بہت سے ایسے باصلاحیت لوگ بھی موجود ہیں جو وقت کے پابند اور ٹیم کے دوسرے لوگوں کا خیال بھی رکھتے ہیں۔

تازہ ترین