پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے موجودہ اور ماضی کے حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ زمانہ نہیں بدلا اب دنیا بدل گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کیے جانے والے ایک ویڈیو پیغام میں بشریٰ انصاری نے کہا کہ ہمارے وقت میں فنکار نظم و ضبط اور وقت کے پابند تھے۔
اپنے ویڈیو پیغام کے آغاز میں بشریٰ انصاری نے لکھا کہ مجھ سے پوچھا گیا ہے کہ پہلے کے اداکاروں اور آج کل کے اداکاروں میں کیا فرق ہے؟
بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ فرق تو زمانے میں ہر چیز کا ہوتا ہے، ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ اس زمانے کے ڈیزائنر اچھے نہیں ہیں اور پرانے ڈیزائنرز اچھے تھے، ہر وقت کے اپنے تقاضے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رویے اور ماحول ماحول بدل جاتے ہیں اور معاشی صورتحال بدلنے سے بھی بہت کچھ تبدیل ہوجاتا ہے جو اب ہم دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی بات میں یہ بھی شامل کیا کہ روایات بدلتی ہیں، بہت سارے رشتے بھی بدل جاتے ہیں سو ہم یہ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ پہلے اور اب کے اداکاروں میں یہ فرق ہے۔
بشریٰ انصاری نے کہا کہ آپ کسی بھی شعبے سے تعلق رکھتے ہوں ، آپ کا ایسا پیشہ ورانہ رویہ اور کمٹمنٹ ضروری ہوتی ہے جس سے آپ کام نکھر کر سامنے آئے۔
انہوں نے اپنے وقتوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ویسے تو ہم سب کا زمانہ ساتھ چل رہا ہے تاہم یہ ضرور ہے کہ ہمارے وقت میں ہمیں نظم وضبط کی بہت عادت تھی اور ہم وقت کے بہت پابند تھے۔
خیال رہے کہ پاکستان کی معروف اداکارہ بشریٰ انصاری 1978سے شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں اور طویل عرصے سے انڈسٹری پر راج کررہی ہیں۔
بشریٰ انصاری کی بیش بہا خدمات پر رواں سال یوم آزادی کے موقع پر انہیں حکومتِ پاکستان نے ستارہ امتیاز کیلئے نامزد بھی کیا ہے۔
خیال رہے کہ 64 سالہ اداکارہ بشریٰ انصاری نے 1978 میں پروڈیوسر اقبال انصاری سے شادی کی تھی جو نامعلوم وجوہات کی بنا پر ختم ہوئی، ان کی دو بیٹیاں ناریمن انصاری اور میرا انصاری ہیں۔