وزیراعظم عمران خان کےمعاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل کہتے ہیں کہ احسن اقبال کو اخلاقیات اور اکانومی پر بھاشن دینےکے بجائے اپنے کرپشن کا جواب دینا چاہیے۔
معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسپورٹس سٹی کمپلیکس کی تعمیر میں قومی خزانے کو اربوں کا نقصان پہنچایا گیا۔
شہباز گِل نے کہا کہ آپ نے جعلی کوٹیشن سے کروڑوں روپے کے ٹھیکے من پسند ٹھیکیداروں کو دیے۔
اپنے بیان میں اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملتان سکھر موٹروے پراجیکٹ میں قومی خزانے کو 137 ارب کا ٹیکا لگانے والے آپ ہیں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کے خلاف نارووال اسپورٹس سٹی کیس احتساب عدالت نمبر 3 کو منتقل کر دیا ہے۔
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ مطالبہ کرتا ہوں کہ میرے مقدمے کی سماعت لائیو کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھونڈے الزامات پر ہماری کردار کشی کی جا رہی ہے، آئین کہتا ہے کہ وفاق کسی بھی منصوبے پر پیسہ لگا سکتا ہے۔