• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احسن اقبال کیخلاف کیس احتساب عدالت نمبر 3 کو منتقل

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کے خلاف نارووال اسپورٹس سٹی کیس احتساب عدالت نمبر 3 کو منتقل کر دیا۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے انچارج جج محمد بشیر نے احسن اقبال کے خلاف نارووال اسپورٹس سٹی ریفرنس دائر ہونے کے بعد جج اصغر علی کو منتقل کر دیا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے گزشتہ روز احسن اقبال کے خلاف ریفرنس دائر کیا تھا ۔

اسپورٹس سٹی کیس کا تمام ریکارڈ بھی احتساب عدالت نمبر 3 منتقل کر دیا گیا ہے، احسن اقبال اس سے پہلے احتساب عدالت نمبر 1 میں پیش ہو رہے تھے۔

نارووال اسپورٹس سٹی کیس کی سماعت کے دوران احسن اقبال، اختر نواز گنجیرا اور سرفراز رسول عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے دیگر ملزمان کو بھی 30 نومبر کو طلبی کے نوٹس جاری کر دیئے۔

عدالت نے حکم دیا کہ نامزد ملزم آصف شیخ اور محمد احمد بھی 30 نومبر کو عدالت میں پیش ہوں۔

احتساب عدالت نے آئندہ سماعت سے پہلے تمام ملزمان کو ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کا حکم بھی دیا۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ یہ کیس ایف آئی اے سے ہمیں منتقل ہوا تھا، عدالت اجازت دے، ہم ایف آئی اے گوجرانوالہ سے پرانا ریکارڈ بھی لانا چاہتے ہیں، فولڈرز بنانے کیلئے ایف آئی اے کا ریکارڈ بھی درکار ہو گا۔

عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت سے پہلے تمام کارروائی مکمل کر کے نقول ملزمان کو فراہم کریں۔

احتساب عدالت نے نارووال اسپورٹس سٹی کیس کی سماعت 30 نومبر تک ملتوی کر دی۔


عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ مطالبہ کرتا ہوں کہ میرے مقدمے کی سماعت لائیو کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ بھونڈے الزامات پر ہماری کردار کشی کی جا رہی ہے، آئین کہتا ہے کہ وفاق کسی بھی منصوبے پر پیسہ لگا سکتا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس میں کورونا وائرس کے کیس سامنے آئے ہیں، رجسٹرار احتساب عدالت نے ڈی سی کوخط بھی لکھا، کوئی اقدامات نہیں ہوئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ حکومت صرف اپوزیشن کو کورونا وائرس کے ساتھ لگاتی ہے۔

مسلم لیگ نون کے رہنما کا یہ بھی کہنا ہے کہ جہاں ان کا اپنا اختیار ہے وہاں ان کے کوئی انتظامات نہیں، حکومت کو احتساب عدالت میں کورونا وائرس کے کیسوں کا نوٹس لینا چاہیئے۔

تازہ ترین