خیبر پختونخوا کے آئی جی ڈاکٹر ثناء اللّٰہ عباسی نے بڈھ بیر میں بچی کے قتل کے واقعہ پررپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
آئی جی پولیس نے کہا کہ معصوم جانوں سے کھیلنے والے افراد کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، اطلاع ملنے پر متعلقہ ایس پی نے بچی کے والدین سے ملاقات کی ہے۔
دوسری جانب ایس ایس پی آپریشنز منصور امان نے کہا کہ آج صبح بچی کی لاش قبرستان سے ملی جسے جلایا بھی گیا ہے، یہ ایک انتہائی دلخراش واقعہ ہے، پولیس کے لئے اعلیٰ سطح کا کیس ہے۔
منصور امان کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے تمام شواہد اکٹھے کرلئے ہیں، جبکہ تحقیقات کے لئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں، ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دیں گے۔
آئی جی خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناء اللّٰہ عباسی نے بچی کے والدین سے رابطہ کر کے انہیں انصاف دلانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
بڈھ بیر میں بچی کے قتل کے خلاف لوگوں نے کوہاٹ روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرے میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی خوشدل خان بھی موجود تھے۔
خوشدل خان کا کہنا ہے کہ پولیس نے واقعہ میں ملوث ملزمان جلد گرفتار کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔