• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پانچویں تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی کے پہلے روز کوالیفائنگ راؤنڈ کی پری پیئرڈ کیٹیگری میں آصف فضل چوہدری، اسٹاک کیٹیگری میں خواجہ تیمور اور خواتین کیٹیگری میں سلمیٰ خان پہلے نمبر پر رہیں۔

تھل جیپ ریلی کے ساتھ ساتھ تھل ثقافتی میلے سے لیہ میں چوبارہ کا صحرا بھی جھوم اٹھا۔

مظفرگڑھ کے علاقے ہیڈ محمد والا میں پانچویں تین روزہ تھل جیپ ریلی کے آغاز سے پہلے گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹیگنگ ہوئی، ڈرائیورز کے میڈیکل چیک اپ کے بعد ڈھائی کلومیٹر کے ٹریک پر کوالیفائنگ راؤنڈ ہوا۔

پری پیئرڈ کیٹیگری میں آصف فضل ایک منٹ 31 سیکنڈز میں فاصلہ طے کرکے پہلے نمبر پر رہے، رضا سعید کا دوسرا نمبر رہا، اُنہوں نے یہ فاصلہ ایک منٹ 37 سیکنڈز میں طے کیا۔


اسٹاک کیٹیگری میں خواجہ تیمور ایک منٹ 35 سیکنڈز کیساتھ پہلے اور عامر مگسی ایک منٹ 37 سیکنڈز کیساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

خواتین کیٹیگری میں سلمیٰ خان نے مقررہ فاصلہ سب سے پہلے ایک منٹ 44 سیکنڈ ز میں طے کیا۔

اس سے قبل ڈپٹی کمشنر اظفر ضیاء نے جیپ ریلی کی تین روزہ تقریبات کا افتتاح کیا، نجی اسکول کے بینڈ نے سلامی دی۔

تھل ثقافتی میلے میں اونٹ ڈانس، گھڑ ڈانس، والی بال میچ، نیزہ بازی، رسہ کشی اور دیگر کھیلوں کے مقابلے بھی ہوں گے۔

تھل کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے مختلف قسم کے اسٹالز بھی سجا دئیے گئےہیں، اسٹیج پروگرام اور جھومر کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔

تازہ ترین