• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محفل سماع صوفیائے کرام کی قدیم روایت ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب


ہفتہ شان رحمت اللعالمین ﷺ کے حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار لاہور آرٹس کونسل الحمرا پہنچے۔ وزیر اعلی پنجاب نے محکمہ اطلاعات و ثقافت اور لاہور آرٹس کونسل کے زیر اہتمام محفل سماع میں شرکت کی۔ 

محفل سماع کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا۔ نامور قوال استاد آصف سنتو خان نے حمد یہ و نعتیہ قوالی سے سماں باندھ دیا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے محفل سماع میں گہری دلچسپی لی، حمدیہ اور نعتیہ کلام غور سے سنا۔ 

اس موقع پر حاضرین وجد وسرور میں قوالی سے محظوظ ہوتے رہے۔ محفل سماع میں قوال اور ہمنوا نے عارفانہ و صوفیانہ کلام بھی پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اور حاضرین نے فن قوالی کے دل موہ لینے والے انداز کو سراہا۔ آصف سنتو خان اور ہمنوا کی پراثر تان اور لے پر حاضرین نے بھرپور داد دی۔


 بعدازاں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے قوال آصف سنتو خان اور ہمنوا کو اسٹیج پر جاکر داد دی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ محفل سماع صوفیائے کرام کی قدیم روایت ہے۔ یہ انسان کو روحانی سکون مہیا کرتی ہے۔ پاکستانی قوالوں نے فن قوالی سے دنیا بھر میں وطن عزیز کا نام روشن کیا ہے۔ 

انھوں نے مزید کہا کہ ہفتہ شان رحمت اللعالمینؐ میں نعتیہ مشاعرے اور محافل سماع کا سلسلہ جاری رہے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہفتہ شان رحمت اللعالمین ﷺ منا کر دنیا کو حضور اکرم ﷺ کے اعلیٰ و ارفع مقام اور اسوہ حسنہ کے بارے میں آگاہ کر رہے ہیں۔ 

اس موقع پر مشیر وزیر اعظم مرزا شہزاد اکبر، صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال، معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، اراکین اسمبلی، کمشنر لاہور ڈویژن، سیکرٹری اطلاعات، ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

تازہ ترین