کورونا وائرس نے لوگوں کے معمولات زندگی کو بدل کر رکھ دیاہے۔ اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیوں میں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ہونے کے باوجود بچوں کو گھروں پر مطالعے کے لیے پہلے سے زیادہ وقت دینا پڑ رہا ہے۔ ایسے میں پڑھائی کے لیے پُرسکون جگہ کا میسر آنا اور لوگوں کا دن بدن کتابوں سےبڑھتا لگاؤگھر میں لائبریر ی کی اہمیت کو بڑھادیتا ہے۔ چھوٹی ہی سہی مگر لائبریری اب ہر گھر کی ضرورت بنتی جارہی ہے۔ تاہم، جن گھروں میں لائبریر ی کے لیے علیحدہ جگہ موجود نہ ہو تو وہاں لوگ اپنا خواب لائبریری شیلف بنواکر پورا کرلیتے ہیں۔ یہ شیلف دیوار میں تعمیر بھی کروائے جاسکتے ہیں جبکہ انھیں تیار بھی کروایا جاتا ہے۔
گھر میں لائبریر ی شیلف بنوانے کا انحصار جگہ کی دستیابی پر ہوتا ہے۔ آپ کے پاس جتنی بڑی جگہ ہو گی اتنے ہی خوبصورت اور کار آمد شیلف کی تیاری ممکن ہوسکے گی، بصورتِ دیگر گھر میں کارنر شیلف بھی بنوائے جاسکتے ہیں۔ لائبریری کی اہمیت کے پیش نظر آج ہم گھر میں لائبریر ی شیلف کے منفرد آئیڈیازپر بات کریں گے، جس میں لائبریری شیلف اور ان کے ڈیزائن سے متعلق معلومات فراہم کی جائے گی، جو دوران تعمیر یا مکان کی تزئین نو کے دوران آپ کے لیے ایک بہترین لائبریر ی تیار کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔
بلٹ اِن شیلف
ایسے شیلف عام طور پر مغرب کے ہر گھر میں، خاص طور پران کے لیونگ روم میں موجود ہوتے ہیں۔ہیمپٹن اسٹائل کے تحت لیونگ روم کی مرکزی دیوار کو شیلف کے لیے مختص کردیا جاتا ہے۔ اس کے درمیانی حصے میں آتش دان جبکہ دیوار کے کونے میں سادہ بلٹ اِن شیلف بنواکر اس میںکتابیں رکھنے کے لیے خوبصورت جگہ ترتیب دی جاتی ہے۔ یہ شیلف دکھنے میں سادہ ہوتے ہیں مگر لیونگ روم کو خوبصورت اور کلاسیکل انداز بخشتے ہیں۔
کارنر لائبریری شیلف
اس اسٹائل کے تحت کمرےکی ایک دیوار کی تعمیر اس طرز پر کروائی جاتی ہے کہ اس کے ایک کونے پر شیلف بنوایا جاسکے۔ اس دیوار میں شیلف کی تعمیر سے نہ صرف لائبریری ایک دلکش منظرپیش کرتی ہے بلکہ کمرے میں ایک منفرد ڈیکوریٹنگ ایریا بھی مہیاہو جاتا ہے۔ اس کمرے کی دیواروں کے لیے گہرے رنگ کی کلر اسکیم بہترین ہے۔
دہری شیلف
اسٹڈی روم کے لیے عام طور پر دہری شیلف کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ یہ شیلف اسٹڈی یا لائبریر ی روم کے فرش اور چھت دونوں کو ملا کر بنائی جاتی ہے۔ مثلاً اسٹڈی روم کی مرکزی دیوار پر فرش سےچھت تک ایک بڑی مگر چھوٹے چھوٹے خانوں والی شیلف بنوائی جاتی ہے، جس کے درمیان میں پارٹیشن بنا ہوتا ہے۔ دہری شیلف کتابوں کے شوقین افراد کو زیادہ کتابیں رکھنے کی جگہ فراہم کرتی ہے جبکہ ان شیلف کے لیے عام طور پرخام لکڑی کا استعمال کیا جاتا ہے۔
انڈسٹریل لائبریری اسٹائل
بیسمنٹ میں لائبریر ی بنوانے کے لیے انڈسٹریل لائبریری اسٹائل بہتر رہتا ہے۔ جو افرادگھر کی بیسمنٹ میں لائبریری بنوانے کا ارادہ رکھتے ہیںوہ انڈسٹریل لائبریری لُک کو اپنا سکتے ہیں۔ اس اسٹائل کے تحت بیسمنٹ کی ایک دیوار پتھر کی بنوائی جاتی ہے، جس پرکسی بھی دھات اور لکڑی کے استعمال سے انڈسٹریل اسٹائل شیلف بنوائے جاتے ہیں۔
وکٹورین لائبریری اسٹائل
مغلیہ طرزسجاوٹ اور بلٹ اِن شیلف آپ کے اسٹڈی رو م کو وکٹورین اسٹائل فراہم کریں گے۔ اس اسٹائل کے تحت کمرے میں آتش دان کے دائیں بائیںافقی طرز کے لائبریری شیلف بنوائے جاتے ہیں، جو دیکھنے والوں کو وکٹورین دورکی یاد دلاتے ہیں۔
اسٹیئرکیس شیلف اسٹائل
اگر آپ کچھ منفرد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو اسٹیئر کیس لائبریری شیلف آپ کے لیے بہترین رہے گا۔ اسٹیئر کیس شیلف میں لکڑی کی سیڑھی اس طرز پر بنائی جاتی ہے کہ اس کے نیچے شیلف بنا کر آپ اپنی کتابوں کو بآسانی رکھ سکتے ہیں یا پھر شیلف کو سیڑھی کے ساتھ دیوار میں بھی نصب بھی کروایا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ سیڑھی کے نیچے لائٹنگ اورآرام دہ کرسی کے ذریعے آپ مطالعہ کا مزہ لے سکتے ہیں۔
ڈائمنڈ پیٹرن شیلف
ان دنوں ڈائمنڈ پیٹرن شیلف سب سے زیادہ مقبول ہونے والاشیلف اسٹائل ہے، جس کے تحت لکڑی کےچوکور خانوں کو ڈائمنڈ پیٹرن کے ذریعےایک دوسرے سے جوڑ کر خوبصورت شیلف بنوائے جاتے ہیں۔ یہ اسٹائل دیکھنے میں منفرد اور بے حد بھلا معلوم ہوتا ہے۔ اسے آپ گھر کی کسی بھی دیوار میں بنواسکتے ہیں، جو نہایت ہی دلکش لگے گا۔
انگلش ٹچ
انگلش لائبریر ی ڈیزائنر روب سودرن گھر میں بنائی جانے والی لائبریر ی میں کچھ انگلش ٹچ لانے کا مشورہ دیتے ہیں۔ ان کے مطابق لائبریری میں جدت کے ساتھ ساتھ کچھ انگلش ٹچ بھی ہونا چاہیے۔ وہ کہتے ہیں کہ انگلش ٹچ کے لیے کمرے میں گہرے اور شوخ رنگ کےساتھ کارنر شیلف کی تعمیر اس طرز پر کروائی جائے کہ وہ کسی خوبصورت ڈریسنگ روم کا لُک دے، جس کے اوپری حصے پر کراؤن کے نیچے خانے بنےہوں اور نچلا حصہ ڈریسر کے عین مطابق ہو۔