• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور جلسہ، حکومت اور اپوزیشن میں ٹھن گئی

پشاور، اسلام آباد (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) پشاورجلسے پرحکومت اوراپوزیشن کے درمیان ٹھن گئی، پشاور کی ضلعی انتظامیہ نےپی ڈی ایم کو شہرمیں جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا،اپوزیشن رہنمائوں شیری رحمٰن، نیئر بخاری، ایمل ولی اور لطف الرحمٰن نے فیصلہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہPTI کی بی ٹیم بنی ہوئی ہے، جلسہ ہرصورت ہوگا، حکومت کا کہنا ہے کہ کورونا پر قابو پالیں تو اپوزیشن بھی جلسے کرے ہم بھی کرینگے۔ 

تفصیلات کے مطابق پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے پی ڈی ایم کو شہر میں جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے، ضلعی انتظامیہ نے اعلامیے میں کہا ہے کہ کورونا وباءمیں شدت آنے کے سبب جلسے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

ضلعی انتظامیہ نے موقف اختیار کیا ہے کہ عوامی اجتماع کےباعث کورونا مزید پھیلنےکا شدید خدشہ ہے، شہر میں کورونا کی دوسری لہر آنے کے سبب کیسز میں 13 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ 

ضلعی انتظامیہ نے پی ڈی ایم کے رہنماؤں کو مراسلہ ارسال کر دیا، وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے کہا کہ پی ڈی ایم نے جلسہ کیا تو ان کیخلاف قانونی کارروائی کی جائیگی۔ 

پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے فیصلہ مسترد کر تے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ پی ٹی آئی کی بی ٹیم ہے، این او سی نہ دینا حکومتی چال ہے، جلسہ ہر صورت ہو گا، خیبر پختونخوا کے عوام اور جیالے تیاری کرلیں، 22 نومبر کو دمادم مست قلندر ہوگا۔

پی ڈی ایم رہنمائوں نےکہا کہ سلیکٹڈ سرکار سے اجازت لینے کی اب ہمیں کوئی ضرورت نہیں، پی ڈی ایم جلسے کی تیاری مکمل ہے، عمران کی حکومت عوام کیلئے کورونا سے زیادہ مضر ہے، حکمران استعفی د یں ہم جلسہ منسوخ کر دینگے۔ 

پشاور پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا لطف الرحمٰن،ہمایوں خان،سکندر شیرپائو، سردار حسین بابک، اختیار ولی خان،مختیار خان یوسفزئی اور دیگر نے کہا کہ پی ڈی ایم طے شدہ شیڈول کے مطابق اپنی تحریک جاری رکھے گی۔ تحریک کو کورونا وائرس کا بہانہ بنا کر متاثر کرنے کی کوششوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ 

پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں جہاں تک ممکن ہوسکے جلسے میں ایس او پیز پر عملدرآمد کرائینگے۔ پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پشاور میں پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت نہ دینا حکومتی گھبراہٹ کا ثبوت ہے، جلسہ ہر صورت میں ہوگا،پشاور جلسے سے حکومت خوفزدہ ہے، ابھی تو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ ہونا ہے۔

پی پی کے نیئر بخاری نے کہا کہ ناکام نااہل اور نالائق حکمرانوں میں عوامی جلسوں کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں، پشاور کا تاریخی جلسہ پی ٹی آئی سرکار کیخلاف عوامی ریفرینڈم ثابت ہوگا۔

پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات نفیسہ شاہ کا کہنا ہے کہ پشاور کا جلسہ ضرور ہوگا ، کورونا کو بنیاد بنا کر ہمیں ڈرایا جا رہا ہے۔ پی پی خیبرپختونخوا کے جنرل سیکرٹری فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پشاور میں تاریخی پاور شو کرکے اپوزیشن پی ٹی آئی کی گرتی ہوئی دیوار کو ایک دھکا اور دیگی۔ 

اےاین پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ حکومت سرکاری مشینری کے ذریعے جلسہ ناکام بنانے کی سازشوں میں مصروف ہے، جلسہ کے لئے این او سی نہ دینا ان کی خام خیالی ہے۔

تازہ ترین