• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور میں پی ڈی ایم کا جلسہ حکمرانوں کا تابوت میں آخری کیل ہو گا

پشاور(نمائندہ خصوصی) پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جماعتوں کی طرف سے پشاور میں بائیس نومبر کو ہونے والے جلسہ عام کے لئے تیاریاں تیز کر دی گئیں۔ جلسہ عام کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) پشاور سٹی ڈسٹرکٹ کے صدر ملک ندیم خان کی رہائش گاہ پر ہونے والے اجلاس سے پاکستان مسلم لیگ پشاور سٹی ڈسٹرکٹ کے صدر ملک ندیم خان پیپلز پارٹی پشاور سٹی ڈسٹرکٹ کے صدر ذوالفقار افغانی اور قومی وطن پارٹی پشاورسٹی ڈسٹرکٹ کے صدر ملک عدیل اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے ملک کو مزید تباہی سے بچانے مہنگائی سے نجات اور عوام دشمن حکمرانوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے سڑکوں پر آنے کا تہیہ کر لیا ہے۔ گوجرانوالہ، کراچی اور کوئٹہ میں پی ڈی ایم کے کامیاب پاور شوز اور وفاقی و صوبائی وزراء کی طرف سے سرکاری وسائل کے ذریغ استعمال کے باوجود حکمران جماعت کے جلسہ کی ناکامی سے حکمرانوں پر لرزہ طاری ہو گیا ہے۔ پشاور میں بائیس نومبر کو پی ڈی ایم کا کامیاب پاور شو حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ہو گا۔ حکمرانوں کے خلاف عوامی نفرت بڑھتی جا رہی ہے۔ حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں اور بہت جلد عوام کو دھاندلی سے مسلط ہونے والے حکمرانوں سے نجات مل جائے گی۔ پی ڈی ایم کے رہنمائوں نے کہا کہ حکمرانوں کی طرف سے اپنی چوری چھپانے کے لئے چور چور کا شور مچایا جا رہا ہے لیکن آٹے چینی و پٹرول بحران بی آر ٹی بلین ٹریز و مالم جبہ سکینڈل میں حکمرانوں کی اربوں روپے کی چوری رنگے ہاتھوں پکڑی جانے کے بعد حکمران بے نقاب ہو گئے ہیں۔
تازہ ترین