• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکاری اراضی کی غیرقانونی الاٹمنٹ سے متعلق ریفرنس، مصطفیٰ کمال و دیگر پر فرد جرم عائد

کراچی(اسٹاف رپورٹر) احتساب عدالت نے کلفٹن میں سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ سے متعلق ریفرنس میں سابق ناظم کراچی سید مصطفی کمال، افتخار قائم خانی اور دیگر پر فرد جرم عائد کردی۔ عدالت نے ملزمان کے صحت جرم سے انکار پر گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت 5؍ دستمبر تک کیلئے ملتوی کردی۔ ہفتے کو احتساب عدالت میں کلفٹن میں پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ سے متعلق ریفرنس کی سماعت ہوئی ۔ سماعت کے موقع پر پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال، افتخار قائم خانی اور دیگر ملزمان پیش ہوئے ۔ دیگر ملزمان میں افتخار قائم خانی، ممتاز حیدر، سید نشاط علی، محمد دادو، محمد رفیق، محمد عرفان، نذیر ذرداری،محمد یعقوب، فضل الرحمان شامل ہیں۔ دوران سماعت عدالت کی جانب سے ملزمان کو فرد جرم پڑھ کر سنائی گئی ۔ عدالت کے استفسار پر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا ۔ عدالت نے پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال، افتخار قائم خانی اور دیگر پر فرد جرم عائد کردی۔ عدالت نے ملزمان کے صحت جرم سے انکار پر گواہوں کو طلب کرلیا۔دریں اثنا پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ وزیراعظم بلدیاتی انتخابات اور الیکٹورل اصلاحات کا وعدہ پورا کریں، پی پی کو زیب نہیں دیتا کہ وفاق پر تنقید کرے، بلاول بھٹو کراچی کی تباہی آپ لوگوں کی وجہ سے ہوئی، کراچی کے حالات بدترین ہوچکے ہیں۔ احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ ہمارے حکمرانوں کو اختیارات نیچے دینے میں جان نکلتی ہے ، 57 ہزار کونسلر کو نکال دیا گیا، افسوس ہے کہ کسی نے آواز بلند نہیں کی ،نواز شریف کہتے ہیں کہ مجھے کیوں نکالامگر 57ہزار کونسلر نکالنے پر کوئی احتجاج نہیں کرتا ، بچیوں سے زیادتیوں کے واقعات بڑھ رہے ہیں، قوانین بنانے سے کچھ نہیں ہوگا نظام بنایا جائے، وزیراعظم اپنی بات پر قائم رہیں بلدیاتی نظام بحال کیا جائے، بلدیاتی اصلاحات انتہائی لازم ہوچکیں، الیکٹورل اصلاحات بھی ناگزیر ہوچکیں، امید ہے وزیراعظم بلدیاتی انتخابات اور الیکٹورل اصلاحات کا وعدہ پورا کرینگے ، کراچی میں بدترین پانی، کچرے کا نظام ہے،پی پی کو زیب نہیں دیتا کہ وفاق پر تنقید کرے۔

تازہ ترین