• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمران بڑا کورونا، آج پشاور میں جلسہ ہوگا، فضل الرحمٰن


پشاور، اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں، جنگ نیوز) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ حکومت کو کوئی بہانہ نہ ملا توکہہ دیاکوروناکا خطرہ ہے، ناجائز حکمران بذات خود بڑاکورونا ہیں ۔ 

آج پشاور میں تاریخی جلسہ ہو کر رہے گا، عوام کے ووٹ چوری کرنے والوں کو آرام سے نہیں بیٹھنے نہیں دینگے، ایک ٹرمپ چلا گیا،اب پاکستانی ٹرمپ کو بھی چلتا کرینگے، جبکہ مسلم لیک (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کورونا کے پیچھے چھپنے سے پی ڈی ایم کا جلسہ نہیں رکے گا، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت کان کھول کر سن لے، جلسے شیڈول کے مطابق ہونگے۔ 

اپوزیشن جماعتوں کا سیاسی اتحاد پی ڈی ایم آج پشاور میں اپنی قوت کا مظاہرہ کریگی، پشاور میں منعقد کیے جانے والے جلسہ عام کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جلسے کیلئے پشاور رنگ روڈ کا انتخاب کیا گیا ہے، جلسے کیلئے کنٹینرز پہنچا دیئے گئے ہیں، شرکا کیلئے 10 ہزار کے قریب کرسیاں لگائی جائینگی، جلسہ کی سیکورٹی اور ٹریفک کو رواں دوان رکھنے کیلئے پانچ ہزار پولیس اہلکار تعینات کردئیے گئے ہیں، انتظامیہ نے شہر میں ٹریفک نظام کو رواں رکھنے اور عوام کو مشکلات سے بچانے کیلئے ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کاکہنا ہے کہ یہ حکومت عوام کی نہیں چوری کے مینڈیٹ کی نمائندہ ہے، حکومت کوکسی محاذ پر چین سے نہیں بیٹھنے دینگے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ناجائز حکمران بذات خود بڑا کورونا ہیں جبکہ ہم کورونا 19 کے ساتھ کورونا 18 کی بھی بات کرتے ہیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے جھنڈے کے نیچے ملک میں ناجائز اور ناخلف حکومت کے خلاف حکومت مخالف تحریک جو بن پر ہے اور جو امانت قوم سے چھینی گئی وہ واپس لینی ہے۔

مولانافضل الرحمٰن نے اسٹیٹ بینک کے حالیہ بیان کا حوالہ دیا کہ مرکزی بینک نے بتایا کہ 1992 کے بعد سے پہلی مرتبہ پاکستان کا شرح نمو 0.4 پر پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 26 نومبر کو لاڑکانہ اور 30 نومبر کو ملتان میں جلسہ کریں گے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ نے کہا کہ معاشی بحران بھی ریاست کے خاتمے کا سبب بنتا ہے۔مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ وہ ادارے جو ملک کے دفاع کے ضامن ہیں اور اس ناجائز اور نااہل حکومت کی پشت پناہی کرتے ہیں، وہ ریاست کی بقا کا حق ادا نہیں کر رہے۔ 

انہوں نے کہا کہ اس تناظر میں ہم کہہ سکتے ہیں کہ آپ ریاست کی بقا کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عوام، فوج، سول بیوروکریسی، اسٹیبلشمنٹ کو ایک پیج پر لڑنا چاہیے کہ یہ تقسیم عجیب ہے کہ ملک معاشی بحران کا شکار ہے اور ہم اس نااہل حکومت کو سپورٹ کرنے جارہے ہیں، اس سے بڑی نااہلی کی مثال اور کیا ہوسکتی ہے۔

انہوں نے وزیراعظم عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ اب ہمیں پاکستان کے ٹرمپ کو بھی باہر نکلنا ہے پھر بھارت کا ٹرمپ رہ جائیگا، وہ ادھر کی عوام جانیں۔مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ قوم کے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری پوری کرنی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ( ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے بے آرام ہونے کا وقت ہو گیا ہے، کورونا کے پیچھے چھپنے سے پی ڈی ایم کا جلسہ نہیں رکے گا۔ ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک و قوم کی تباہی وزیر اعظم عمران خان کی مجرمانہ لاپرواہی اور غیرذمہ دارانہ پالیسی کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان آپ کی ریک لیس پالیسی کا نتیجہ آٹا، چینی، دوائی، بجلی، گیس چوری کی شکل میں عوام بھگت رہے ہیں۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ پی ڈی ایم کا جلسہ نہیں رکے گا اور وہ اپنے مقررہ دن، وقت اور مقام پر تمام احتیاطی تدابیر کے ساتھ ہو کر رہے گا۔ دریں اثناء سابق وزیراعظم اور پی ڈی ایم کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے اعلان کیا ہے کہ پی ڈی ایم کے جلسے شیڈول کے مطابق منعقد ہونگے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت کان کھول کر سن لے، پی ڈی ایم کا جلسہ اعلان کردہ وقت، تاریخ اور مقام پر ہی منعقد ہو گا۔پی ڈی ایم کے مرکزی رہنما نے کہا کہ پشاور میں منعقد ہونے والے جلسہ عام میں کورونا سے بچاؤ کیلئے اعلان کردہ ایس او پیز پرعمل درآمد کیا جائے گا۔ 

دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں کا سیاسی اتحاد پی ڈی ایم آج پشاور میں اپنی قوت کا مظاہرہ کریگی ۔ پی ڈی ایم کی مقامی قیادت کے زیر اہتمام منعقد کیے جانے والے جلسہ عام کیلئے کنٹینرز پہنچا دیئے گئے ہیں، جلسے کے شرکا کے لیے 10 ہزار کے قریب کرسیاں لگائی جائیں گی۔ 

علاقہ پولیس نے پی ڈی ایم کی مقامی قیادت کو ہدایت کی تھی کہ وہ لائے جانے والے کنٹینرز نہ لگائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ 

پی ڈی ایم کی مقامی قیادت سے کہا تھا کہ وہ لائے جانے والے کنٹینروں کو کسی دوسری جگہ منتقل کردے تاکہ عوام کو تکلیف نہ ہو۔ پی ڈی ایم کی مقامی قیادت نے اس سلسلے میں علاقہ پولیس سے کہا کہ لائے جانے والے تمام کنٹینرز جلسہ گاہ میں لگائے جائیں گے۔

پی ڈی ایم کی مقامی قیادت کا کہنا تھا کہ لائے جانے والے کنٹینرز راستے میں رکھنے کے لیے نہیں لائے گئے ہیں۔ پی ڈی ایم کی مقامی قیادت کی زیر نگرانی کارکن لائے جانے والے کنٹینرز کو لگانے میں مصروف ہیں۔علاوہ ازیں پشاور میں پی ڈی ایم کے جلسہ کی سیکورٹی اور ٹریفک کو رواں دوان رکھنے کے لئے پانچ ہزار پولیس اہلکار تعینات کردئیے گئے ہیں ۔

پشاور پولیس کے ترجمان کے مطابق پی ڈی ایم کے جلسہ کے تناظر میں کسی بھی حالات سے نمٹنے کے لئے چار ہزار پولیس اہلکار تعینات کردئیے گئے ہیں حالات پر قابو پانے کیلئے خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے جس کی نگرانی ایس ایس پی آپریشنز خود کرینگے۔ ٗ

سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے ترجمان کے مطابق پی ڈی ایم کے جلسہ کے دوران ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے پشاور میں ایک ہزار ٹریفک پولیس اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں۔

تازہ ترین