• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قطر، پومپیو کی طالبان اور افغان نمائندوں سے ملاقات، کابل میں داعش کے راکٹ حملے، 8 ہلاک

دوحہ/کابل(اے ایف پی/جنگ نیوز )قطر میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے طالبان اور افغان نمائندوں سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں،اے ایف پی کے مطابق مائیک پومپیو کی افغان مذاکرات کاروں اور طالبان نمائندوں سے ملاقات کے باوجود کوئی بریک تھرو یا اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔

دوسری جانب افغانستان میں امن کیلئے دوحا میں کوششیں اور ملاقاتیں جاری ہیں تو ادھر افغانستان کا دارالحکومت راکٹ حملوں سے گونج اٹھا۔

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہفتے کی صبح مرکزی اور شمالی علاقوں میں ہونے والے راکٹ حملوں میں کم از کم 8 افراد ہلاک اور 31 زخمی ہوئے ہیں۔کابل کے گرین زون میں، جہاں متعدد سفارت خانے اور بین الاقوامی کمپنیوں کے دفاتر موجود ہیں، ایرانی سفارتخانے کی عمارت کو بھی راکٹ حملوں سے نقصان پہنچا ہے۔

پاکستان نے کابل میں ہونےوالے راکٹ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ راکٹ حملوں میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور متعدد زخمی ہوئے ،ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغانستان میں امن خراب کرنے والوں سے چوکنا رہنا ہوگا،پاکستان دہشتگردی کی مذمت کا اعادہ کرتا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق افغانستان کے وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آریان نے ان حملوں کا الزام طالبان پر لگاتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی طرف سے کل 23 راکٹ فائر کیے گئے۔

دوسری طرف طالبان کی طرف سے راکٹ حملوں سے متعلق کہا گیا ہے کہ وہ عوامی مقامات پر حملے نہیں کرتے۔ساتھ ہی داعش نے ان راکٹ حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی ۔

دریں اثنا امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے دوحا کے ایک لگژری ہوٹل میں طالبان کی مذاکراتی ٹیم اور افغان حکومتی نمائندوں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

پومپیو نے کہا کہ میں آپ کے ذہن کے مطابق بات سننے کیلئے تیار ہوں کہ کیسے ایک فیصلہ کن بات چیت ممکن ہوجائے ۔مائیک پومپیو نے قطر کے حاکم، امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی اور وزیرخارجہ محمد بن عبدالرحمان الثانی سے بھی ملاقاتیں کیں۔

ادھر افغانستان قومی مصالحتی کونسل کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ نے اے ایف پی کو بتایا کہ ہم مذاکرات کا ڈیڈ لاک توڑنے کیلئے انتہائی قریب ہیں۔علاوہ ازیں وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آریان کا مزید کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

تازہ ترین