بھارت میں ایک شخص نے ہمدردی کی بنیاد پر سرکاری نوکری حاصل کرنے کے لیے اپنے باپ کو قتل کردیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ ریاست جھاڑکنڈ کے علاقے رام گڑھ میں پیش آیا۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ اس 35 سالہ شخص کا باپ سینٹرل کول فیلڈ لمیٹڈ (سی سی ایل) میں کام کرتا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ 55 سالہ کرشنا رام کی سی سی ایل کے سینٹرل ورکشاپ میں گلہ کٹی لاش ملی تھی۔
حکام کا کہنا تھا کہ اس شخص کو اس کے سب سے بڑے بیٹے نے ہی قتل کیا ہے جس کی عمر لگ بھگ 35 برس ہے۔
پولیس نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے آلہ قتل اور مرنے والے شخص کا موبائل فون بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
پولیس افسر نے بتایا کہ دوران تفتیش کرشنا رام کے بڑے بیٹے نے اپنے والد کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔
ملزم نے بتایا کہ اس نے ہمدردی کی بنیاد پر نوکری حاصل کرنے کے لیے اپنے والد کو قتل کیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ سی سی ایل کے ضابطے کے مطابق اگر کسی ملازم کی دورانِ سروس موت ہوجائے تو اس کے انتقال کے بعد اُس کے قانونی وارث کو نوکری دی جاتی ہے۔