ملتان (نمائندہ جنگ) سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا جلسہ 30 نومبر کو ملتان میں ہر صورت ہوگا،حکومت گرفتاریاں، کنٹینرز لگا کر راستے بند کرنےاور جلسے کو روکنے کے اقدامات کر کے شرمندہ نہ ہو،انہوں نے کہا کہ رکاوٹوں اور اجازت نہ دینے کے باوجود بھی پشاور میں شاندار تاریخی جلسہ ہوا ہے،ملتان میں بھی جلسہ ہوگا، عوام کی طاقت کے آگے کوئی کھڑا نہیں ہو سکتا، گرفتاریاں ہوئیں تو ہر شہر، شہر جلسے ہوں گے۔ملتان کا جلسہ تاریخی اہمیت کا حامل ہوگا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی 215 میں پیپلزپارٹی ورکرز کنونشن کے موقع پر ورکرز سے خطاب اوربعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا،انہوں نے نواز شریف شہباز شریف اور مریم نواز و دیگر اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ والدہ کی وفات بہت بڑا سانحہ ہے،ہم سب ان کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے ان کے دکھ کا بہت زیادہ اندازہ ہے کیونکہ جب میری والدہ کی وفات ہوئی تھی تو اس وقت میں بھی جیل میں تھا اور اب میاں صاحبان بھی جلاوطنی اور جیل کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ملتان میں گزشتہ الیکشن کے دوران پیپلزپارٹی نے اکیلے ملتان اسٹیڈیم میں ہاوس فل جلسہ کیا تھا، اب گیارہ جماعتیں ہیں تو آپ سب خود دیکھ لیں گے۔