اسلام آباد( نمائندہ جنگ)عدالت عظمیٰ نے خیبرمیڈیکل یونیورسٹی میں میرٹ پر داخلہ نہ ملنے کے خلاف طالبعلم صادق حسین کی درخواست خارج کر دی ہے جبکہ جسٹس مشیر عالم نے ریمارکس دیئے ہیں کہ وہ بھی میڈیکل کا شعبہ اختیا رکرنا چاہتے تھے ا گر وہ میڈیکل میں جاتے تو آج یہاں نہ ہوتے، لازمی نہیں کہ انسان جو چاہے مل جائے ،جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی تو خیبر یونیورسٹی کے متعلقہ افسرعدالت میں پیش ہوئے، اس موقع پرجسٹس مشیر عالم نے کہا ہم نے کہا تھا کہ اگر یونیوسٹی میں مزید سیٹ ہے تو عدالت کو بتایا جائے ، جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہاکہ دو سٹوڈنٹ اوربھی ہیں جن کے نمبر درخواست گزار سے بھی زیادہ ہیں،اگردرخواست گزار کو ایڈمشن دیتے ہیں تو دسرے دو سٹوڈنٹس کا کیا ہو گا؟جس پرجسٹس مشیر عالم نے ریمارکس دئیے کہ اللہ کی رضا میں راضی رہنا چاہئے ،لازمی نہیں کہ انسان جو چاہے وہ اسے مل جائے۔