اسلام آباد(عاصم یاسین) سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے چیئرمین نیب کی جانب سے ان کے خلاف جھوٹا، بے بنیاد، پروپیگنڈا کئے جانے کے خلاف سینیٹ میں تحریک استحقاق لانے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پہلا واقعہ ہوگا جس میں چیئرمین نیب کے خلاف، جھوٹا، بے بنیاد، مضحکہ خیز الزامات پر مبنی پروپیگنڈا کے جانے کے خلاف پارلیمنٹ میں باضابطہ ایک تحریک استحقاق پیش کی جائے گی۔ سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا وہ تمام بے بنیاد الزامات کی تردید کرتے ہیں اور یہ کہ کاروبار کے سلسلے میں تمام تر امور قوانین کے تحت کئے گئے ہیں۔