کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے پہلے سوال مریم نواز کا نواز شریف کو واپس نہ آنے کا مشورہ، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول رہائی میں تاخیر پر حکومت کے عدم تعاون کا شکوہ، کیا حکومت سے شکایت جائز ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ نواز شریف کی والدہ کے انتقال پر بھی سیاست ہی ہورہی ہے،
ایک دوسرے سوال پر تجزیہ کاروں نے کہا کہ بچوں اور خواتین سے زیادتی کے مجرموں کیلئے سخت ترین سزاؤں کے قوانین بنانے چاہئیں۔
ارشاد بھٹی نے کہا کہ مریم نواز کی عجیب منطق ہے کہ ان کی دادی کے انتقال پر حکومت کو انہیں اطلاع دینا چاہئے تھی۔
حکومت کی کوئی وزارت اطلاعات برائے فوتگی نہیں ہے کہ وہ انہیں اطلاع کرتی، پی ڈی ایم کی تقریریں سوشل میڈیا پر لائیو جارہی ہوتی ہیں انہیں اطلاع کیوں نہیں ملی، مریم نواز میتوں اور ماؤں پر سستی سیاست نہ کریں ، مریم نواز کہتی ہیں نواز شریف کو اپنی والدہ کی تدفین کیلئے بھی واپس نہیں آنا چاہئے، میری ماں کا آخری سفر ہوتا اور میں نے دس قتل بھی کیے ہوتے میں ضرور آتا، میاں شریف کے انتقال کے وقت پرویز مشرف نے شریف برادران کو آنے کی اجازت دی لیکن دونوں بھائی نہیں آئے تھے،
بیگم کلثوم نواز فوت ہوئی حسن نواز اور حسین نواز اپنی والدہ کی میت کے ساتھ پاکستان نہیں آئے، نواز شریف کو ابھی لندن میں بیٹھ کر بہت سی تقریریں کرنی ہیں اس لئے ماں کی تدفین کیلئے بھی واپس نہیں آرہے۔
منیب فاروق کا کہنا تھا کہ مریم نواز کو دادی کے انتقال کے بعد حکومت پر تنقیدی ٹوئٹ کرنے کی ضرورت نہیں تھی، مریم نواز کی حکومت سے اطلاع نہ دینے کی شکایت اور حکومتی جواب دونوں ہی درست نہیں تھے،
نواز شریف وطن واپس نہیں آتے تو بطور سیاسی لیڈر ان کی قانونی اور اخلاقی پوزیشن کمزور ہوگی، ظاہری طور پر نواز شریف کی صحت اچھی نظر آرہی ہے۔
حسن نثار نے کہا کہ ہمارا زوال پذیر معاشرہ اخلاقی طور پر مکمل دیوالیہ ہوچکا ہے، بھٹو کے جنازے پر اجازت نہ ہونے کی وجہ سے ان کا کوئی گھر کا فرد شریک نہیں ہوسکا تھا، سیاست کے سینے میں دل نہیں ہوتا نواز شریف کی والدہ کے انتقال پر بھی سیاست ہی ہورہی ہے۔
رسول بخش رئیس کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی یہ شکایت مضحکہ خیز ہے کہ حکومت نے انہیں ان کی دادی کے انتقال کی اطلاع نہیں دی، ن لیگ کے لاکھوں لوگوں میں سے کوئی انہیں اطلاع نہیں دے سکتا تھا، حکومت شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو چند دن پہلے پیرول پر رہا کردے تو کوئی حرج نہیں ہے، ماں کا انتقال ایسا موقع ہوتا ہے جب سب لوگ میت کے گھر اکٹھے ہوتے ہیں ، یہ فیصلہ پہلے کرلیا گیا تھا کہ جب تک عمران خان کی حکومت ہے نواز شریف واپس نہیں آئیں گے اب بھی وہ اس فیصلے پر کھڑے ہوئے ہیں۔