• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں حکومت غیرملکی سرمایہ کاروں کو بنیادی سہولتیں دینے سے قاصر

لاہور (جواد رضوی) حکومت صوبہ پنجاب میں فیکٹریوں اور مینوفیکچرنگ پلانٹ قائم کر نے والے غیرملکی سرمایہ کاروں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے سے قاصر ہے۔اس طرح کی ایک شکایت صوبے کی سیرامک صنعت میں 70 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنے والے چینی سرمایہ کار کی جانب سے پنجاب کے وزیر صنعت و تجارت کے اجلاس میں کی۔ چینی سرامک کمپنی اورئیل سیرامکس بھلوال میں مینوفیکچرنگ فیکٹری قائم کرنے کے لئے 70 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ تاہم دفتری طوالت اور دیگر بیوروکریٹک رکاوٹیں صوبے میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو مایوس کررہی ہیں۔ چین کی اورئیل سیرامکس کمپنی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر لیو فین ژو نے شکایت کی کہ بھلوال میں منصوبہ کے مطابق انہیں اپنے پلانٹ اور فیکٹری کے قیام کے لئے مطلوبہ بجلی اور گیس کے کنکشن نہیں مل رہے۔ انہوں نے گیس اور بجلی کے علاوہ پنجاب میں سیرامک مینوفیکچرنگ یونٹ کے قیام میں درپیش دیگر مسائل کی بھی شکایت کی۔چینی سرمایہ کاروں نے صوبے میں سرمایہ کاری کے دیگر مواقع پر تبادلہ خیال کیا لیکن افسردگی کا اظہار کیا کہ بیوروکریسی اور سرکاری حکام کے اس طرح کے رویے سے دیگر غیر ملکی سرمایہ کاروں خصوصاً چینیوں کے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ جاری کردہ ایک ہینڈ آؤٹ کے مطابق وزیر نے چینی کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ بھلوال میں سیرامکس انڈسٹری کے قیام میں چینی کمپنی کو درپیش تمام مسائل کو فوری طور پر حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے عمل میں کسی بھی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

تازہ ترین