• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل فصیح بخاری کی یاد میں ویڈیو کلپ جاری


پاک بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل فصیح بخاری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پاک بحریہ نے ویڈیو کلپ جاری کر دیا۔

سابق سربراہ ایڈمرل فصیح بخاری گزشتہ روز اسلام آباد میں انتقال کر گئے تھے، اُن کی نمازِِ جنازہ آج بعد نمازِ عصر چک شہزاد اسلام آباد میں ادا کی جائے گی۔

پاک بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل فصیح بخاری کا پاک بحریہ میں چار عشروں پر محیط تاریخی اور شاندار کیریئر بہترین پیشہ وارانہ اور قائدانہ صلاحیتوں کا عکاس ہے۔

سابق نیول چیف 1965 کی جنگ میں دشمن کےلیے خوف کی علامت سمجھے جانے والے دوارکے آ پریشن کا حصہ تھے۔ آپ 1971 کی جنگ میں بھارتی جہاز ککری کو سمندر برد کرنے والی پاکستانی آبدوز ہنگور میں اہم ذمہ داری پر فائز تھے۔

ایڈمرل فصیح بخاری نے کمانڈر پاکستان فلِیٹ اور چیف آف اسٹاف کے طور پر بھی فرائض سر انجام دیے۔ آپ نے 1997 میں بطور سربراہ پاک بحریہ کی ذمہ داریاں بھی سنبھالیں۔

ایڈمرل فصیح بخاری کی اعلیٰ پیشہ وارانہ خدمات اور بہادری کے اعتراف میں آپ کو نشان امتیاز (ملٹری) اور ستارہ بسالت سے نوازا گیا۔

نیول چیف نے مرحوم کی ملک و قوم کے دفاع کے لیے ناقابلِ فراموش خدمات کو سراہا۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کی جانب سے سابق امیر البحر کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

تازہ ترین