• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لنکا پریمیئر لیگ: تمام مقابلے ”جیوسوپر“ سے براہ راست

کراچی (محمد ناصر) پاکستان سپر لیگ کے بعد کرکٹ کے دیوانوں کیلئے ایک اور نیا میگا کرکٹ ایونٹ ”لنکا پریمیئر لیگ“ جمعرات سے سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا میں شروع ہورہا ہے۔ پاکستان کا پہلا نجی اسپورٹس چینل ”جیوسوپر“ اس ٹورنامنٹ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب سمیت ایونٹ کے تمام مقابلے براہ راست اپنے ناظرین کیلئے نشر کرے گا۔ ”لنکا پریمیئر لیگ“ کے پُرکشش اور منفرد آفیشل سونگ نے بھی کرکٹ کے دیوانوں میں ایک جوش اور ولولہ پیدا کردیا ہے۔ کرکٹ کے بڑے اور تاریخی میلے میں دُنیائے کرکٹ کے بڑے نام سری لنکا میں جمع ہوگئے ہیں۔ چھوٹی کرکٹ کی اس بڑی جنگ میں پاکستان کے شاہد آفریدی، شعیب ملک، محمد عامر، آصف علی، عثمان شنواری اور دُنیائے کرکٹ کے دیگر نامور ستارے بھی لنکن میدانوں پر جگمگائیں گے۔ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ پر مشتمل اس میگا ایونٹ میں کُل پانچ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں ”کولمبو کنگز، دمبولا ہاکس، گال گلیڈی ایٹرز، جافنا اسٹالینز اور کینڈی ٹسکرز“ شامل ہیں۔ اِن ٹیموں میں موجود مختلف کھلاڑی تین ہفتوں تک خوب چھکے چوکے لگائیں گے اور بالرز بھی ہوا میں اُن کی گلیاں اُڑائیں گے۔ برق رفتار کرکٹ ایونٹ میں ریس لگاتی ایک ٹیم ”گال گلیڈی ایٹرز“ نے شاہد آفریدی کواپنی ٹیم کی قیادت سونپ دی ہے۔ شاہد آفریدی اس ٹیم کے کپتان جبکہ سری لنکا کے بھانو کا راجا پاکسے نائب کپتان مقرر ہیں۔ یاد رہے کہ شاید آفریدی فلائٹ مس ہوجانے کے سبب ایک دِن تاخیر سے سری لنکا پہنچیں گے، وہ تین دِن آئسولیشن میں گزارنے کے بعد اپنی ٹیم ”گال گلیڈی ایٹرز“ کو جوائن کریں گے۔ شاہد آفریدی کے تاخیر سے پہنچنے کے سبب پہلے میچ میں اُن کی شرکت بھی مشکوک ہوگئی ہے۔ دوسری طرف پاکستان کے سابق آل راؤنڈر وسیم اکرم بھی اِسی ٹیم کے مینٹور ہیں جو سری لنکا پہنچ چکے ہیں۔ میگا ایونٹ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب جمعرات کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 3 بجے شروع ہوگی اور پہلا مقابلہ شام7 بجے ”کولمبو کنگز اور کینڈی ٹسکرز“ کے درمیان ہوگا۔ ”لنکا پریمیئر لیگ“ کا پہلا سیمی فائنل اتوار 13 /دسمبر کو شام7 بجے، دوسرا سیمی فائنل پیر 14 دسمبر کو شام 7 بجے اور فائنل میچ بدھ 16/دسمبر کو شام7 بجے ماہندرا راجا پاکسے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم (ہمبنٹوٹا) میں کھیلا جائے گا۔

تازہ ترین