• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کے بیٹے، بیٹی، داماد اشتہاری قرار


لاہور کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کے بیٹے، بیٹی اور داماد کو اشتہاری قرار دے دیا۔

لاہور کی احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی۔

احتساب عدالت لاہور نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز، بیٹی رابعہ عمران اور داماد ہارون یوسف کو اشتہاری قرار دیا۔

عدالت کی جانب سے منی لانڈرنگ کیس کے دیگر ملزمان محمد طاہر نقوی اور علی احمد خان کو بھی اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔

اس سے قبل امجد پرویز ایڈووکیٹ کے جونیئرز نے عدالت سے استدعا کی کہ امجد پرویز مصروف ہونے کے باعث عدالت پیش نہیں ہو سکتے، عدالت سماعت ملتوی کرنے کا حکم دے۔

دورانِ سماعت فاضل جج نے میاں شہباز شریف سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی والدہ کے انتقال پر افسوس ہوا۔

نیب کے پراسیکیوٹر نے بھی شہباز شریف کی والدہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ مائیں سب کی سانجھی ہوتی ہیں۔

سماعت کے دوران فاضل جج نے کہا کہ آج نیب کے گواہوں کی شہادتیں قلمبند کرنی ہیں۔


جج کے حکم پر لاہور کی احتساب عدالت میں نیب کے گواہ ڈپٹی سیکریٹری پنجاب اسمبلی فیصل بلال کا بیان قلمبند کیا گیا۔

ڈپٹی سیکریٹری پنجاب اسمبلی فیصل بلال نے عدالت میں دیئے گئے بیان میں کہا کہ میں نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے اکاؤنٹس کا ریکارڈ نیب میں جمع کروا دیا ہے، شہبازشریف اور حمزہ شہباز نے بطور ایم پی اے پنجاب اسمبلی میں جتنے فوائد لیے اس کا تمام ریکارڈ فراہم کیا گیا ہے۔

عدالت نے شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس میں 3 گواہوں کے بیانات قلم بند کر لیے۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکلاء کو گواہوں سے جرح کا حکم دیتے ہوئے منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

تازہ ترین