کراچی، اسلام آباد ( اسٹاف رپورٹر،اے پی پی، جنگ نیوز)کورونا کیسز، مسلسل دوسرے روز تعداد3306،بلاول بھی شکار، 40افراد جاں بحق، لوگوں کی لاپروائی جاری، فعال کیسز بڑھ کر 43ہزار963ہوگئے، 284مریض وینٹی لیٹرز پر،سندھ میں 19افراد چل بسے، 1402نئے کیسز، 1148کراچی سے رپورٹ،بلاول کاکہناہےکہ وائرس کی معمولی علامات ،قرنطینہ ہوگیا، رہائشگاہ سے کام جاری رکھوں گا، یوم تاسیس کے جلسے سے ویڈیو لنک پر خطاب کروں گا،لوگ ماسک پہن کر آئیں۔
تفصیلات کےمطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 3ہزار 306 مریضوں کے ٹیسٹ مثبت آئے اور 40افراد اس وائرس سے جاں بحق ہوئے۔
ملک بھر میں کووڈ۔19 سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 3 لاکھ 34 ہزار 392 ہو چکی ہے، ملک بھر میں 284مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں، ایکٹو کیسز کی تعداد 43 ہزار 963 ہوگئی ، متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 86 ہزار 198 ہے، مجموعی ہلاکتیں 7ہزار 843 تک پہنچ گئی ہیں ۔
ادھر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ، ، سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے ذریعے بتایا گیا ہے کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ، ان میں کورونا کی معمولی علامات ہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ میں رہائشگاہ سے کام جاری رکھوں گا،پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کے جلسے سے ویڈیو لنک پر خطاب کروں گا،تمام لوگ جلسے میں ماسک پہن کر آئیں، میں آپ کا منتظر ہوں گا،انہوں نے عوام سے احتیاط کی اپیل بھی کی ہے۔
دوسری طرف پیپلز پارٹی کے رہنمائوں اور کارکنوں کی جانب سے پی پی چیئرمین کی جلد صحت یابی کے لیئے دعائیں کی جارہی ہیں۔ادھر سندھ میں کورونا وائرس سے مزید 19 افراد جاں بحق، 1402 نئے کیس سامنے آگئے ، 684مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جس میں سے 50کو وینٹی لیٹرز پر منتقل کیا گیا ہے۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ 1402 مثبت کیسز سے کراچی میں 1148 نئے کیسز کا پتہ چلا ہے جن میں ضلع شرقی 422 ، ضلع جنوبی 362 ، ضلع وسطی 156 ، ضلع غربی 94 ، ضلع کورنگی 61 اور ضلع 53 ملیر شامل ہیں۔
دوسری جانب کورونا کیسز تیزی سے بڑھ رہا ہے اور عوام کی جانب سے لاپروائی جاری ہے، ایس او پیز کی خلاف ورزی ہر مقام پر دیکھنے کو مل رہی ہے اور عوام سماجی فاصلے کا خیال بھی نہیں رکھ رہے۔