• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیچیدگیوں کے باعث جولائی میں حمل ضائع ہوگیا، میگھان مرکل کا انکشاف

لندن (پی اے) برطانوی شہزادہ ہیری کی اہلیہ ڈچز آف سسیکس میگھان مرکل نے انکشاف کیا کہ جولائی میں ان کا حمل کچھ پیچیدگیوں کے باعث ضائع ہو گیا تھا۔ انہوں نے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز میں انتہائی ناقابل برداشت غم کے عنوان سے مضمون میں لکھا کہ میں جانتی ہوں کہ میں نے اپنے پہلے بچے کو گود میں لیا اور دوسرا بچہ دنیا میں آنے سے قبل ہی ضائع ہو گیا۔ ڈیوک آف سسیکس پرنس ہیری اور میگھان مرکل کا پہلا بیٹا آرچی 6 مئی 2019 کو پیدا ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حمل ضائع ہونے پر وہ اور ان کے شوہر شدید غم اور صدمے میں تھے اور 2020میں ہم میں سے ہر ایک اس نقصان اور تکلیف پر دل گرفتہ تھا۔ 30 سالہ میگھان نے اپنے تجربے کو شیئر کرتے ہوئے لوگوں پر زور دیا کہ وہ امریکہ میں اظہار تشکر ہالیڈے پر دوسروں سے یہ پوچھیں کہ آیا وہ اوکے ہیں۔ جنوری میں شاہی ذمہ داریوں سے سبکدوشی کا اعلان کرنے کے بعد پرنس ہیری اور میگھان مرکل میڈیا کی چکا چوند سے دور کیلیفورنیا منتقل ہو گئے تھے۔ ڈچز میگھان مرکل نے اپنے مضمون کا آغاز اپنے بیٹے آرچی کی دیکھ بھال کے دوران ہونے والی تکلیف سے کیا۔ انہوں نے لکھا کہ میں اس کے ساتھ کھیلتے ہوئے اسے اپنے ہاتھوں میں تھام کر فرش پر گر گئی تھی، تاہم ہم دونوں پرسکون تھے اور میں گنگنا رہی تھی۔ اس دوران مجھے یہ احساس ہوا کہ کوئی چیز ٹھیک نہیں ہے۔ اس کے گھنٹوں بعد میں ہسپتال میں بستر پر لیٹی ہوئی تھی اور میرے شوہر نے میرا ہاتھ تھام رکھا تھا۔ میں ان کی ہتھیلی کی گرمی محسوس کررہی تھی۔ انہوں نے میرے گلے پر بوسہ دیا اور ہم دونوں آنسوئوں سے تر ہو گئے۔ ٹھنڈی سفید دیواروں کو گھورتے ہوئے میری آنکھیں چمک اٹھیں۔ میں نے یہ تصور کرنے کی کوشش کی کہ ہم اس صورت حال سے کیسے نکلیں گے۔ ڈچز نے مزید لکھا کہ بچہ ضائع ہونے کا مطلب یہ ہے کہ ہم اس ناقابل برداشت غم کو اٹھائیں گے اور بھی بہت سے افراد اس تجربے سے گزرتے ہیں لیکن اس پر بات بہت کم کرتے ہیں۔ اس نقصان پر میرے شوہر اور میں نے یہ پتہ لگایا کہ 100 خواتین والے کمرے میں 10 سے 20 خواتین کا حمل ضائع ہوا۔ انہوں نے لکھا کہ پھر بھی اس درد اور غم کے حیرت انگیز طور پرعام ہونے کے باوجود اس پر بات چیت ممنوع ہے اور ایک نامعلوم شرم کے ساتھ تنہا سوگ کا یہ سلسلہ جاری ہے۔ کچھ بہادری کے ساتھ اپنی کہانیاں شیئر کرتے ہیں اور انہوں نے یہ جانتے ہوئے دروازہ کھولا ہے کہ جب ایک فرد سچ بولتا ہے تو پھرہم سب کو بھی ایسا ہی کرنے کا لائسنس ملتا ہے۔ مضمون میں میگھان مرکل نے بتایا کہ رواں برس جولائی میں بعض پیچیدگیوں کے باعث ان کا حمل ضائع ہوگیا تھا، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کا حمل کتنے ہفتوں کا تھا۔ میگھان نے سال 2020 کو مشکل سال قرار دیتے ہوئے لکھا کہ اس سال ان سمیت دنیا کے ہزاروں افراد کو دکھوں اور غموں کا مقابلہ کرنا پڑا ہے۔
تازہ ترین