اسلام آباد (نمائندہ خصوصی،جنگ نیوز)حکومتی رہنمائوں نے کہاہے کہ ﷲ بلاول کو صحت دے، اپنا خیال کریں عوام کا بھی،محفوظ رہنےکیلئے احتیاط لازم ہے،وزیر اطلاعات شبلی فرازنے بلاول سمیت تمام مریضوں کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ﷲ تعالیٰ بلاول بھٹو زرداری کو شفاکاملہ عطا فرمائے،کورونا لیڈرز اور عوام میں کوئی تفریق نہیں کرتا۔فیصل جاوید اور شہبازگل نے بھی بلاول کی صحتیابی کی دعا کی ، شبلی فرازنےاپنے ٹویٹ میں کہا کہ وبا سے محفوظ رہنے کیلئے احتیاط لازم ہے۔ دنیا کوویڈ۔ 19کی وباکے باوجودپاکستانی معیشت کی شاندار کارکردگی کا اعتراف کررہی ہے،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گِل نے کہاکہ ڈھٹائی کی حدوں کو چھوتے لیڈر جلسے کرکے عوام کی جانوں سے کِھلواڑ کر رہے ہیں،سینٹ اطلاعات و نشریات کمیٹی کے چیئرمین فیصل جاوید نے اپنے ٹویٹ میں بلاول بھٹو کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ کیسا ظلم ہے کہ خود ویڈیولنک پر اورعوام کو سڑکوں پر لارے ہیں-انکی جانیں خطرے میں ڈال رہے ہیں،اپنا خیال رکھنے کے ساتھ ساتھ عوام کا بھی خیال رکھیں کچھ ان کا بھی سوچیں، ہوش کے ناخن لیں، ان جلسوں کا کوئی فائدہ نہیں ،صرف نقصان ہے ۔