شیخوپورہ میں نامعلوم درندہ صفت ملزمان نے خواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 6افراد کو تیز دھار آلے سے قتل کردیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
شیخوپورہ کی نواحی بستی سوہل کلاں سے 3کلومیٹر دور ایک ڈیرے پر 2 کاشتکار بھائیوں ابراہیم ، سلیم ، ان کی بیویوں شرافت بی بی، شمائلہ بی بی اور دو کم سن بچو ں 6 سالہ عثمان اور 5 سالہ عمران کو قتل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق واردات دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ہے ،تاہم پولیس کی تفتیش کوئی حتمی وجہ تلاش نہ کرسکی ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سانحے کا نوٹس لے لیا ہے اور آئی جی پنجاب کو قاتلوں کی جلد گرفتاری کی ہدایت جاری کردی ہے ۔