گلگت بلتستان میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب کا معاملہ تاخیر کا شکار ہوگیا ہے۔ تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی اپنی جماعت کے کسی ایک امیدوار پر متفق نہیں ہیں اور وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے دوڑ میں شامل پی ٹی آئی ہی کے 2 امیدواروں کی جوڑ توڑ اور باہمی رسہ کشی نے بھی اس صورتحال میں تعطل پیدا کیا ہے۔
گلگت بلتستان کے نئے وزیراعلی کے لئے اسپیکر نے آج اجلاس طلب کیا تھا جو رات گئے ملتوی کردیا گیا۔
اسپیکر نے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے اب 30 نومبر کو اجلاس طلب کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں تاخیر کی وجہ اس عہدے کے لیے حکمران جماعت تحریک انصاف کے دو امیدواروں بیرسٹر خالد خورشید اور فتح اللّٰہ خان کی باہمی رسہ کشی بتائی جاتی ہے۔
اپنی اپنی کامیابی کے دعویدار دونوں امیدواروں کو یقین ہے کہ وزیراعلیٰ کا تاج انہی کے سر سجے گا۔
کس کا دعویٰ درست اور کس کا غلط ہے، آئندہ 3 روز میں سب کچھ واضح ہوجائے گا۔
دونوں مضبوط امیدواروں کے علاوہ حکمران جماعت کے بعض خواہشمند ارکان اسمبلی کسی سیاسی معجزے کے لیے پہلے سے منتظر ہیں۔