• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ لندن میں ادا، آج لاہور میں سپرد خاک کیا جائے گا، شہباز اور حمزہ پیرول پر رہا

لندن/راولپنڈی (مرتضیٰ علی شاہ/مانیٹرنگ ڈیسک) لندن میں سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی والدہ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ لندن کے ریجنٹ پارک کی مسجد میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں نواز شریف، خاندان کے دیگر افراد اور قریبی ساتھی شریک ہوئے۔ کورونا وائرس کے باعث عائد پابندیوں کی وجہ سے مسجد میں صرف30افراد کو نماز جنازہ میں شرکت کی اجازت دی گئی تھی۔ میاں نواز شریف اور قومی اسمبلی قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی نمازجنازہ آج لاہور میں ادا کی جائے گی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو ان کی والدہ کے انتقال پر 5 دن کے لیے کوٹ لکھپت جیل سے پیرول پر رہا کر دیا گیا۔ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق مرحومہ بیگم شمیم اختر کی میت آج (ہفتہ کی) صبح لاہور پہنچے گی اور ان کی نماز جنازہ رائیونڈ میں ظہرکی نماز کے بعد شریف میڈیکل سٹی میں ادا کی جائے گی۔ مرحومہ کے ایصال ثؤاب کے لئے رسم قل کل اتوار کو ہو گی جس میں صرف شریف خاندان کے افراد ہی شرکت کریں گے۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز 5 دن کیلئے کوٹ لکھپت جیل سے پیرول پر رہا کر دیئے گئے۔ دونوں جیل سے رہائی کے بعد جاتی امرا پہنچ گئے جہاں آج مرحومہ کی نماز جنازہ ہوگی۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور صوبائی کابینہ نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 5 روز کے لیے پیرول پر رہا کرنے کی منظوری دی تھی جس کے بعد جیل حکام نے انہیں رہا کردیا۔

تازہ ترین