• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین نیب یا ڈی جی نیب کا پی اے بن کر سرکاری ملازمین کو لوٹنے والے نیب کےجعلی ملازم کا انکشاف

کراچی( سہیل افضل ) چیئرمین نیب یا ڈی جی نیب کا پرسنل اسٹنٹ(پی اے ) بن کر سندھ کے سرکاری ملازمین کو بلیک میل کر کے لوٹنے والے نیب کے جعلی ملازم کا انکشاف ،خالد حسین سولنگی نامی شخص یواے ای میں مقیم ہے ، یہ انکشاف نیب کراچی کی جانب سے چیف سیکریٹری سندھ کو لکھے خط میں کیا ہے جس میں چیف سیکریٹری سے کہا گیا ہے کہ وہ تمام سرکاری افسران کو ہدایت کریں کہ وہ خط میں درج ٹیلی فون نمبر یا کسی بھی دوسرے فون سے اس طرح کی فون کال کو جعلی اور فراڈ سمجھتے ہوئے خط میں درج نمبروں پر ڈی جی نیب کراچی کو آگاہ کریں، نیب کراچی کی جانب سےچیف سیکریٹری کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہےکہ مذکورہ شخص کے شکار افسران کی تفصیل سے بھی نیب کو آگاہ کیا جائے، نیب ذرائع کے مطابق خالد حسین سولنگی نامی دبئی سے وٹس ایپ پر سندھ کے ان افسران کو فون کرتا جن کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوچکے ہوتے یا جن کی انکوئری شروع کرنے کی ہدایت سامنے آتی ،خالد سولنگی ڈی جی نیب یا چیئرمین نیب کا نمائندہ بن کر واٹس ایپ کال کرتا اور پھر انکوائری بند کرانے یا وارنٹ گرفتاری واپس لینے کے نام پر اس کا کوئی دوسرا نمائندہ بھتہ طلب کر تا اس طرح یہ شخص کئی افسران اور شہریوں کو ہراساں کر کےبھتہ طلب وصول کر چکا ہے ،نیب کے مطابق جن نمبروں سےیہ کال کرتا رہا ہےان نمبرز کی نگرانی کی جارہی ہے اور نیب انکوائری کے بعد مذکورہ شخص کو پاکستان لانے کی کوشش کی جارہی ہے نیب کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ نیب کا کوئی بھی نمائندہ شہریوں یا کسی اور کو کال کرنے کا اختیار نہیں رکھتا اس لئے کسی بھی اس طرح کے فون کو جعلی سمجھا جائے نیب نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی ہے کہ مذکورہ شخص کا شکار افسران کو تفصیل کے ساتھ ہدایت کریں کہ وہ مذکورہ نقال شخص سے ہوشیار رہیں۔

تازہ ترین