اوکاڑہ(نمائندہ جنگ)30نومبر کو ملتان میں پی ڈی ایم کے جلسہ میں آصفہ بھٹو اور مریم نواز کی شمولیت کے اعلان کے بعد مولانا فضل الرحمان سمیت پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کی قیادت اسے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کے مستحکم ہونے سے تعبیر کر رہی ہیں۔
ذمہ دار ذرائع نے بتایا ملتان جلسہ میں نئی سیاسی تاریخ رقم ہونے جا رہی ہے کہ جلسہ سے بیک وقت 2سابق وزرائے اعظم سید یوسف رضا گیلانی اور شاہد خاقان عباسی جبکہ 2سابق وزرائے اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو اور میاں نوازشریف کی صاحبزادیاں آصفہ بھٹو اور مریم نواز خطاب کریں گی۔
مولانا فضل الرحمٰن نے میاں نوازشریف کو فون کرکے کہا کہ آپ نے اپنی والدہ محترمہ کے انتقال کے باوجود مریم نواز کو ملتان جلسہ میں شامل ہونے کی ہدایت جاری کر کے ثابت کیا کہ اپوزیشن ہر قسم کے انفرادی اور اجتماعی حالات کے باوجود حکومت مخالف تحریک کی کامیابی کے لیے یکسو اور متحد ہے۔