سیالکوٹ (نمائندہ جنگ) سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ میں تھانہ ستراہ کے گائوں چھانگی میں چند روز قبل زندہ جلنے سے دم توڑنے والی بیٹی سنبل کو ماں سمیرا نے داماد کیساتھ اپنے عشق کی آگ بجھانے کیلئے زندہ جلایا تھا،واقعہ ڈسکہ کے گائوں چھانگی میں ہوا، قبرکشائی پوسٹمارٹم کے بعد ملزمہ کو داماد سمیت گرفتار کرلیا گیا ۔ مقتولہ کے باپ پرویز مسیح کی مدعیت میں تھانہ ستراہ پولیس نے ملزمہ سمیرا اور اسکے داماد سیموئل مسیح کیخلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد دونوں ملزمان ساس اور داماد کو گرفتار کرلیا۔ مقتولہ کے باپ پرویز مسیح نے ایف آئی آر میں الزام لگایاتھا کہ اسکی بیوی سمیرا بی بی کے اپنے داماد سیموئل مسیح کے ساتھ ناجائز تعلقات چلے آرہے تھے،بیٹی سنبل کو پتہ چلنے پر سمیرا نے اسے آگ لگا دی جس سے سنبل بری طرح جھلس کر جاں بحق ہوگئی تھی۔مقتولہ سنبل کی قبر کشائی کے بعد گزشتہ روز پوسٹمارٹم رپورٹ میں حقائق سامنے آنے پر ستراہ پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کیا۔