• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آذربائیجان کے سفیر کی آصف غفور کو دلچسپ انداز میں مبارکباد

پاکستان میں تعینات آذربائیجان کے سفیر علی علی زادہ نے سابق ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) آصف غفور کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی کی مبارک باد منفرد انداز میں دی ہے۔

علی علی زادہ نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں آصف غفور اپنے ایک دورے میں فوجی جوانوں سے ملاقات کے موقع پر ان کے ساتھ روایتی رقص کر رہے ہیں۔

علی علی زادہ کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو پر مشہور سرائیکی گانا بھی لگا ہوا ہے۔

اپنے ٹوئٹ میں آذربائیجان کے سفیر علی علی زادہ نے آصف غفور کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی کی مبارک باد دینے کے ساتھ ساتھ ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

دوسری جانب سابق ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) آصف غفور کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی ملنے کے بعد سوشل میڈیا پر چاہنے والوں کی جانب سے مبارک باد کے پیغامات کا تانتا بندھا ہوا ہے۔


صارفین آصف غفور کی جانب سے جواب کے منتظر تھے، ایسے میں انہوں نے بھی کوئی ٹوئٹ تو نہیں کیا تاہم اپنا منفرد انداز اپناتے ہوئے صارفین کا شکریہ ادا کر ہی دیا۔

آصف غفور نے ٹوئٹر پر اپنی تصویر تبدیل کی جس پر ’تھینک یو‘ یعنی ’شکریہ‘ لکھا ہوا تھا۔

واضح رہے کہ پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر افسران کی ترقی، تبادلے اور تقرریاں کی گئی ہیں اور 6 میجر جنرل کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔

تازہ ترین