• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رومانی گلوکار کی آصف غفور کو ترقی ملنے پر مبارکباد

رومانیہ کے میوزک بینڈ ’ایکسنٹ‘ کے لیڈ گلوکار ’سینا ایڈرین‘ کی جانب سے سابق ڈی جی آئی ایس پی آر آصف غفور کو لیفٹیننٹ جنرل بننے پر مبارکباد دی گئی ہے اور ساتھ ہی ایک بار پھر ’فنٹاسٹک چائے‘ کو یاد بھی کیا ہے۔

عالمی شہرت یافتہ میوزک  بینڈ ’ایکسنٹ‘ کے گلوکار کی جانب سے ٹوئٹر پر اپنے ’دوست‘ اور پاک فوج کے سابق ترجمان آصف غفور کیلئے مبارکباد کا خصوصی پیغام جاری کیا گیا ہے۔

گلوکار نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں آصف غفور کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے دوست لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی پانے پر بہت مبارک ہو۔‘

غیر ملکی گلوکار اپنے ٹوئٹ میں بھارتیوں کو ’لاجواب چائے‘ یاد کروانا نہ بھولے۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں آصف غفور کے ہمراہ ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں دونوں نے ہاتھ میں چائے کا کپ تھاما ہوا ہے۔

گلوکار نے لکھا کہ ’میں آپ کیساتھ دوبارہ ’لاجواب چائے‘ پینے کیلئے بے تاب ہوں۔‘

واضح رہے کہ پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر افسران کی ترقی، تبادلے اور تقرریاں کی گئی ہیں اور 6 میجر جنرل کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔


یاد رہے کہ سینا نے گزشتہ برس پاکستان آنے کا اعلان کیا تھا  اور ساتھ ہی ڈی جی آئی ایس پی آر کو ٹیگ کرتے ہوئے اُن کے ساتھ ’فنٹاسٹک ٹی‘ پینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

میجر جنرل آصف غفور نے بھی جوابی ٹوئٹ کرتے ہوئے انہیں اپنے آفس میں چائے کی دعوت دے دی تھی۔

بعد ازاں غیر ملکی گلوکار نے ویڈیو ٹوئٹ کرتے ہوئے آصف غفور کو ٹیگ کرتے ہوئے ملاقات کی اطلاع دی اور ساتھ ہی یہ بھی لکھا کہ پاکستان کی چائے بہت زبردست ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ 27 فروری کے بعد سے ’ فنٹاسٹک کپ آف ٹی، فنٹاسٹک ٹی ‘ وغیرہ وہ الفاظ ہیں جن سے جہاں پاکستان کی شاندار چائے کی تعریف بیان ہوتی ہے وہیں یہ الفاظ بھارتیوں کی چھیڑ بن چکی ہے۔

بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو جب پکڑا گیا تو اس نے بھی پاکستانی چائے کی ’فنٹاسٹک ٹی‘ کے الفاظ سے تعریف کی تھی۔

ابھی نندن کی تعریف کے بعد سے اُن کا یہ جملہ اور پاکستانی چائے بہت مشہور ہوگئی۔

تازہ ترین