پاناما لیکس کے معاملے پر اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے مشاورت کی ہے، خورشید شاہ کہتے ہیں کہ حکومت عدالتی کمیشن کے قیام کے لئے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو خط لکھے۔ اگر چیف جسٹس کمیشن کے قیام کو مسترد کرتے ہیں تو پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے۔
پاناما لیکس کے انکشافات پر تحقیقات کے معاملے پر اسحاق ڈار نے خورشید شاہ سے ٹیلی فون پر مشاورت کی۔
خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ اعتزاز احسن کی عدم دستیابی کی وجہ سےملاقات کے بجائے ٹیلیفون پر بات ہوئی، اسحاق ڈار کو اپوزیشن کے مؤقف سے آگاہ کر دیا ہے، چاہتے ہیں کہ حکومت عدالتی کمیشن کے قیام کے لئے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھے، فرانزک آڈیٹ اس کمیشن کے ٹی او آرز کی بنیاد ہو، اگر چیف جسٹس پناما لیکس پر کمیشن نہ بنائیں تو پھر پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے۔
خورشید شاہ کے مطابق اسحاق ڈار نے کہا کہ آپ کے کراچی والے بیان سےابہام پیدا ہوا تھا۔ اس لئے آپ کا مؤقف جاننا چاہتے تھے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت معاملے پر اپنی مشاورت کرکے انہیں فیصلہ سے آگاہ کرے گی۔