وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے دعویٰ سے کہا ہے کہ لاڑکانہ سے آئندہ تحریک انصاف کی لیڈر شپ آئے گی۔
لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو میں اسد عمر نے کہا کہ کراچی کی طرز پر سندھ کی ترقی کے لیے بھی پیکیج بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے غریب عوام میں 200 ارب روپے بانٹے ہیں، سب سے زیادہ پیسے سندھ کے عوام کو دیے گئے۔
وفاقی وزیر نے اعتراف کیا کہ کورونا وائرس کے باعث غریب کے لیے زیادہ مشکلات رونما ہوئی ہیں۔
دوسری جانب سکھر میں یوتھ آف سکھر کی تقریب سے خطاب میں اسد عمر نے کہا ہے کہ ہم نے سکھر میں منفی تبدیلی ہوتے ہوئے دیکھی۔ آخر کس کی وجہ سے سندھ کا یہ تیسرا بڑا شہر ترقی نہیں کرپا رہا ہے۔ جو سیاسی نظام سکھر کو چلا رہا ہے ان کی وجہ سے یہاں ترقی نہیں ہورہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان چاہتے ہیں صرف کراچی نہیں ہر ضلع میں کام کرائے جائیں۔