• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں کوروناکی بڑھتی لہر، عمر رسیدہ افراد کو گلے لگانے اور بوسہ لینے سے پرہیز کیا جائے، پروفیسر کرس وائٹی

لندن (وجاہت علی خان) حکومت کے چیف میڈیکل ایڈوائزر پروفیسر کرس وائٹی نے خبردار کیا ہے کہ عمر رسیدہ افراد کو گلے لگانے اور ان کا بوسہ لینے سے پرہیز کیا جائے، کورونا وائرس کی حالیہ بڑھتی ہوئی لہر کے پیش نظر انہوں نے خواص و عوام کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے بزرگ رشتہ دار زندہ رہیں تو کوشش کریں کہ کرسمس پر انہیں گلے لگائیں اور نہ ان کا بوسہ لیں، انہوں نے یہ وارننگ حکومت کے اس اعلان کے بعد دی ہے کہ کرسمس کے پانچ دنوں میں تین گھرانے ایک ببل تشکیل دے کر آپس میں ملاقات کرسکتے ہیں، اس رعایت کا اطلاق برطانیہ بھر میں ہوگا حالانکہ اسکاٹ لینڈ میں آٹھ افراد سے زیادہ نہیں مل سکتے، شمالی آئر لینڈ میں بھی22سے28دسمبر تک اس قسم کی نرمی کی گئی ہے، پروفیسر کرس کا کہنا ہے کہ عمر رسیدہ افراد کمزور ہوتے ہیں، انہیں وائرس لگنے کے امکانات انتہائی زیادہ ہوتے ہیں، انہوں نے کہا لوگ یہ بات ذہن میں رکھیں کہ یہ کرسمس عام یا پہلے والا کرسمس نہیں ہوگا، چنانچہ ہر کسی کو انتہائی احتیاط کے ساتھ ایک دوسرے سے ملنا ہوگا اور اگر آپ چاہتے ہیں کہ بزرگوں اور دیگر رشتہ داروں کو اگلے کرسمس پر بھی ملیں تو پھر انہیں گلے لگانے اور بوسہ سے پرہیز کریں، یہی اپیل وزیراعظم بورس جانسن نے بھی عوام سے کی ہے، انہوں نے کہا جب تک ویکسین تیار نہیں ہوجاتی ہم قطعی طور پر خطرے سے باہر نہیں ہیں، یہ کرسمس خصوصا کورونا وائرس کے کیسز اور اموات میں اضافہ کا سبب ہوگا اور عوام کیلئے اب یہ کوئی راز کی بات نہیں ہے، دوسری طرف اسکاٹ لینڈ کی فرسٹ منسٹر نکولا سٹرجن نے کہا ہے کہ ’’پہلے سے طے شدہ مشورے‘‘ اور محفوظ ترین پوزیشن ابھی تک یہی ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلائو سے بچنے کیلئے لوگوں سے رابطے کم سے کم ر کھیں اور ہر کوئی اسے اپنی ذاتی ذمہ داری سمجھے، محکمہ یعنی ’’این ایچ ایس‘‘ کی جاری گائیڈ لائن کے مطابق70یا اس سے زیادہ عمر کے افراد طبی لحاظ سے کمزور اور کورونا وائرس سے معتدل خطرہ سمجھے جاتے ہیں، اسکاٹ لینڈ کی مقامی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ تین گھروں کے ببل میں آٹھ سے زیادہ افراد ملاقات نہیں کرسکتے، لیکن12سال سے کم عمر بچوں کو استثنیٰ حاصل ہے۔ 

تازہ ترین