پیرس (رضا چوہدری /نمائندہ جنگ) برطانیہ اور فرانس نے سمندر پار بغیر دستاویزات لوگوں کی نقل وحرکت کو روکنے کیلئے معاہدے پر اتفاق کرلیا ہے، معاہدے کے تحت پیٹرولنگ اور ٹینکالوجی کی مدد سے غیر قانونی تارکین وطن کی جانب سے چھوٹی کشتیوں کے ذریعے برطانیہ پہنچنے کیلئے خطرناک راستے کو استعمال کرنے سے روکا جائے گا۔ برطانیہ کے وزیر داخلہ پریتی پٹیل نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت فرانسیسی ساحل پر گشت کرنے والے افسران کی تعداد دوگنی ہوجائے گی ، اور ڈرون اور ریڈار سمیت نئی ٹیکنالوجی کی مدد لی جائے گی ۔ رواں سال بھی سیکڑوں افراد ، جن میں کچھ بچے بھی شامل ہیں ، شمالی انگلینڈ کے عارضی کیمپوں سے جنوبی انگلینڈ جاتے ہوئے پکڑے گئے۔ پٹیل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ معاہدہ چینل کراسنگ کو ناقابل تسخیر بنانے کے لئے دونوں ممالک کے مشن میں آگے کی جانب ایک قدم ہے۔