اسلام آباد(نمائندگان جنگ) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نےکہاہےکہ OICنے کشمیر میں بھارتی اقدامات مسترد کردیئے ،مسئلہ کشمیر کیلئے قرارداد کی منظوری اوآئی سی کے اصولی اور مستقل موقف کا اعادہ ہے۔
دوسری جانب سعودی وزیر خارجہ نےکہاہےکہ اسلامی ممالک کے استحکام و ترقی کیلئےOICکیساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔
تفصیلات کےمطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم نے مقبوضہ کشمیر کیلئے اپنی غیر مساوی اور متفقہ حمایت کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے متفقہ قرارداد منظور کی ہے۔
قرارداد میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں 5اگست 2019 کے غیر آئینی اقدامات، بھارت میں آر ایس ایس کے غیر انسانی ایجنڈے پر قائم بی جے پی سرکار کی پالیسیوں کو سختی سے مسترد کیا گیا ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم کشمیر کاز کیلئے آواز اٹھانے والا فورم ہے اور تنازعہ کشمیر کیلئے قرارداد کی منظوری اوآئی سی کے اصولی اور مستقل موقف کا اعادہ ہے۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اسلامی تعاون تنظیم کا بانی ممبر ہے اور ہم نے ہمیشہ امت مسلمہ کی اجتماعی آواز کے طور پر اسکے تقدس کو مقدم رکھا ہے،ہم تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کے اسلام آباد میں 2021میں انعقاد کیلئے پرعزم ہیں، پاکستان کو اسلامی تعاون تنظیم کی ایگزیکٹو کمیٹی کا ممبر بنایا گیا ہے۔