معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ منافقت کی انتہا کہ پنجاب میں پی ڈی ایم جلسوں کے لیے سندھ سے بسیں بھر کر لوگ لائے جارہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مفاد پرست پی ڈی ایم کے بے روزگار سیاستدان ہوسِ اقتدار میں اندھے ہوچکے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی ڈی ایم عوام کی زندگی کو مسلسل خطرے میں ڈالنے سے باز نہیں آرہی، پی ڈی ایم کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے لیے دوستانہ ماحول فراہم کررہی ہے۔
اپنے بیان میں اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے کئی اضلاع کورونا وائرس کے پیش نظر بند کر چکی ہے جبکہ سندھ کی مارکیٹس 6 بجے بند کرائی جارہی ہیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا بے روزگار ٹولہ اپنی سیاسی بے روزگاری کا بدلہ پنجاب کے عوام سے لے رہا ہے۔
واضح رہے کہ ملتان میں آج اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کیلئے پیپلز پارٹی کے کارکن چوک گھنٹہ گھر پہنچنا شروع ہوگئے جبکہ انتظامیہ نے قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹیڈیم، گھنٹہ گھر چوک اور نشتر روڈ سے گیلانی ہاؤس جانے والا راستہ سیل کردیا۔
ذرائع کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے میٹرو بس ، دکانیں اور کاروباری مراکزبند کرادیے گئے ہیں، گیلانی ہاؤس آنےوالا ایک راستہ سیل کردیاگیا جبکہ دوسرے راستہ کو بھی سیل کیا جا رہا ہے۔