رہنما پیپلز پارٹی خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ حکومت اپوزیشن کے جلسوں سے ڈر گئی ہے، وہ حالات خود خراب کرنا چاہتی ہے۔
سکھر میں احتساب عدالت کے باہر پیپلزپارٹی رہنما خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہے ملتان کے چند گھنٹوں کے جلسے کو حکومت نے7 دن میں بدل دیا۔
خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ اپوزیشن جلسہ کرے کنٹینر اور کھانا ہم دیں گے لیکن کنٹینر اور کھانا دینے کی بات پر اُن کی زبان پھسل گئی تھی۔
دراصل کنٹینر دینے کے بجائےجلسے روکنے کے لیے لگانے کی بات کی تھی، عمران خان نے 50 لاکھ گھر دینے کے بجائے گھر چھینے ہیں، 1 کروڑ نوکریاں دینے کے بجائے ایک کروڑ لوگوں سے روزگار واپس لیا ہے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ پکڑ دھکڑ اور گرفتاریاں ہمیں احتجاج سے روک نہیں سکتیں، اپوزیشن کا احتجاج مہنگائی، بھوک و افلاس کے خلاف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے خلاف پہلے ریفرنس میں نیب کچھ کر نہیں سکی اب دوسرا ریفرنس دائر کررہی ہے۔