وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان ملتان میں حلوے سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نوازشریف اور اُن کے ساتھی بھٹوکے قتل میں سہولت کار تھے، ملتان کے عوام نے اس سازشی ٹولے کو مسترد کردیا ہے، آج ہم پی ڈی ایم وائرس کا بھی مقابلہ کریں گے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج شاہی خاندان کی ایک رکن ملتان فتح کرنے نکلی ہیں، جو قانون ہاتھ میں لے گا تو قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، جلسہ کرنا اپوزیشن کا حق ہے لیکن ایس اوپیز اور عدالتی فیصلوں کو پامال نہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کے عزائم سے آگاہ ہے، وہ چاہتی ہے کہ معصوم نہتے شہریوں کو اپنی خواہشات کا ایندھن بنائے۔
اُن کا کہنا ہے کہ بھٹو کا نظریہ گٹھ جوڑ اور مک مکا کے ہاتھوں دفن ہو چکا ہے، پنجاب حکومت پی ڈی ایم جلسے میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ڈال رہی اور نہ ہی حکومت اپوزیشن کے شو میں کوئی رخنہ ڈالے گی۔
اپوزیشن لوگوں کو چوکوں اور چوراہوں پر لے آئی ہے، اسٹیڈیم کے بجائے چوک میں اکٹھے ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ اپوزیشن تھک چکی ہے، پی ڈی ایم کا ملتان کا جلسہ بھی پشاور کی طرح ناکام ہو گا۔
فردوس عاشق نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس کیساتھ ساتھ اپوزیشن وائرس کا بھی مقابلہ کرے گی، ملتان اس وقت سب سے زیادہ کورونا سے متاثر ہے، ملتان میں اب تک کورونا سے 200 سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جلاؤ گھیراؤ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر حکومتی مشینری ضرور حرکت میں آئے گی۔
معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ایک خاتون نے لاہور سے سفر شروع کیا اور کہا کہ ذاتی دکھ چھوڑ کر جلسے میں جارہی ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کوپولیوسے پاک کرنا پی ٹی آئی حکومت کا عزم ہے، کورونا وائرس کی وجہ سے انسداد پولیو مہم متاثر ہوئی ہے، جس کے سبب رواں سال پنجاب میں پولیو کے 14 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔