• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) بلدیہ عظمیٰ کراچی کا کہنا ہے کہ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی کی ہدایت پر کے ایم سی کے ورکس اینڈ سروسز ڈپارٹمنٹ نے شارع فیصل، کارساز روڈ، اسٹیڈیم روڈ، سر شاہ سلیمان روڈ، یونیورسٹی روڈ اور علامہ شبیر احمد عثمانی روڈ پر اسٹریٹ لائٹس درست کردی ہیں اور جہاں جہاں خرابی تھی اسے دور کردیا گیا ہے جبکہ بعض مقامات پر اوور ہیڈ کیبل بھی ڈالی گئی ہیں، واضح رہے کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ڈائریکٹر جنرل ورکس شبیہہ الحسن زیدی کو ہدایت کی کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیرانتظام سڑکوں اور شاہراہوں پر اسٹریٹ لائٹس کی فوری مینٹی نینس کی جائے اور جہاں بھی ضروری ہو لائٹس اور کیبلز کو تبدیل کیا جائے تاکہ رات کے اوقات میں یہ شاہراہیں روشن رہیں اور ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو اور شہریوں کو سہولت ملے، ایڈمنسٹریٹر کراچی کی ہدایت پر ورکس ڈپارٹمنٹ کی ٹیم نے کرین اور دیگر مشینری کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے شارع فیصل، کارساز روڈ، اسٹیڈیم روڈ، سر شاہ سلیمان روڈ، یونیورسٹی روڈ اور علامہ شبیر احمد عثمانی روڈ پراسٹریٹ لائٹس کو بحال کردیا، ایڈمنسٹریٹر نے کہا کہ سڑکوں کی استرکاری کے ساتھ ساتھ دیگر تمام کام بھی انجام دیئے جائیں جس میں فٹ پاتھ کی تعمیر، اسٹریٹ لائٹس، گرین بیلٹس پر شجر کاری اور سڑکوں کے ناموں کی تختی کی تنصیب اور رنگ و روغن شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ مختلف سڑکوں کی استرکاری سے ٹریفک کی صورتحال میں واضح بہتری آنا شروع ہوئی ہے، انہوں نے ڈائریکٹر جنرل ورکس کو ہدایت کی کہ کے ایم سی کی تمام سڑکوں کی روزانہ کی بنیاد پر دیکھ بھال کی جائے اور ان سڑکوں پر پڑنے والے گڑھوں کو فوری بھر دیا جائے تاکہ سڑکیں موٹر ایبل رہیں اور شہریوں کو تکالیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

تازہ ترین