• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شفقت محمود کی طلبہ سے پڑھائی پر دھیان دینے کی گزارش

وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے طلبہ سے گزارش کی ہے کہ وہ عالمی وبا کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث بند کئے گئے تعلیمی اداروں کو بطور چھٹیاں نہ گزاریں بلکہ نصاب پر نظر ثانی کریں۔

انہوں نے اپنے حالیہ ٹوئٹ میں کہا کہ تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ بڑے بھاری دل سے کیا گیا کیونکہ تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا تھا۔

وفاقی وزیر تعلیم نے طلبہ سے گزارش کی کہ آپ اس وقت کو بطور چھٹیاں استعمال کرنے کے بجائے پڑھائی پر دھیان دیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس وقت میں نصاب پر نظر ثانی کریں، ہوم ورک کریں، مختصر طور پر ہی سہی لیکن زیادہ سے زیادہ مطالعہ جاری رکھیں۔

خیال رہے کہ شفقت محمود کے تعلیمی اداروں کی بندش س متعلق فیصلے کو طلبہ میں خوب پزیرائی ملی تھی.

وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کے اسکولوں کی بندش کے اعلان کے بعد سے مقبولیت میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے، اسی ضمن میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی انہیں داد دیتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا تھا۔


اسکولوں کی بندش کے فیصلے کے بعد عارف علوی کا شفقت محمود کو ٹیگ کرتے ہوئے ٹوئٹر پیغام میں کہنا تھا کہ شفقت محمود کے اعلان پر زبردست ردِعمل دیکھنے میں آیا ہے۔

شفقت محمود پر سوشل میڈیا پر بننے والی میمز سے صدر عارف علوی بھی متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکے تھے۔

تازہ ترین