لنکن پریمیئر لیگ کے میچ میں شاہد آفریدی نے افغانی باؤلر نوین الحق کو محمد عامر پر غصہ کرنے پر کھری کھری سنادیں، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
شاہد آفریدی نے 22 سالہ نوین الحق کو کہا ہے ’میں جب انٹرنیشنل کرکٹ میں سینچریاں بنا رہا تھا تب تم پیدا بھی نہیں ہوئے تھے۔‘
اسٹیڈیم میں آفریدی کے ساتھی کرکٹر کا ساتھ دینے پر سوشل میڈیا پر ایک بار پھر ہیش ٹیگ ’آفریدی‘ کا ٹرینڈ زیرگردش ہے جس کا استعمال کرتے ہوئے صارفین آفریدی کا ساتھ دے رہے ہیں۔
ہوا کچھ یوں کہ لنکن پریمیئر لیگ کے میچ میں گال گلیڈی ایٹرز کو شکست ہوئی، آخری اوور نوین الحق نے کروایا، کریز پر موجود محمد عامر اسٹروک کھیلنے میں ناکام رہتے تو کینڈی ٹسکرز کے افغانی بولر طنز کرتے۔
میچ ختم ہوتے ہی دونوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا، آمنے سامنے ہونے پر کھلاڑیوں اور امپائرز نے دونوں کو الگ کر دیا۔
حریف ٹیم سے مصافحہ کرتے ہوئے نوین الحق کے پاس آنے پر شاہد آفریدی کی مسکراہٹ غصے میں بدل گئی اور تیز نگاہیوں سے نوین الحق کو دیکھا۔
شاہد آفریدی کے اس ایکشن کے خوب چرچے ہورہے ہیں۔
صارفین کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی نے دورانِ میش حب الوطنی اور دوستی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔
صارف کا کہنا ہے کہ آفریدی کے لُکس سے لگ رہا ہے کہ وہ آنکھوں سے ہی مار ڈالیں گے۔