• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کا حتمی فریم ورک تیار

کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کا حتمی فریم ورک تیار کرلیا گیا، وفاقی حکومت نے کراچی کے بے گھر افراد کی بحالی کا ٹاسک نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو دینے کا فیصلہ کرلیا۔

فریم ورک پر عمل درآمد کی کل اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) اور پھر وفاقی کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق فریم ورک میں کہا گیا ہے کہ کراچی کے بے گھر افراد کی بحالی کے لیے فنڈز وفاقی حکومت اور اراضی کی فراہمی سندھ حکومت کی ذمے داری ہوگی۔

ذرائع کے مطابق بے گھر خاندانوں کے لیے کثیر منزلہ فلیٹس تعمیر کیے جائیں گے، جس کے منصوبے کے لیے وفاقی حکومت فنڈز دے گی۔


حتمی فریم ورک میں کراچی کے ندی نالوں کی صفائی اور تجاوزات کے خاتمے کی ذمے داری سندھ حکومت کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت نے کراچی منصوبوں پر فوری عمل درآمد این ڈی ایم اے، وزارت آبی وسائل، ایس آئی ڈی سی ایل اور ریلویز سے کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کراچی واٹر سپلائی منصوبے کے لیے فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی جبکہ کراچی سرکلر ریلوے( کے سی آر) اور گرین لائن بس منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے فنڈز فوری طور پر دیے جائیں گے۔

وفاقی حکومت نے کراچی پورٹ سے پپری تک ڈبل ریلوے لائن ٹریک کے لیے فنڈ فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت 3 برس میں کراچی کے بڑے منصوبوں کے لیے739ارب روپے دےگی، یہ فنڈز پی ایس ڈی پی، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت دیےجائیں گے۔

اس موقع پر معاشی ٹیم نے سفارش کی کہ عالمی مالیاتی اداروں سے بھی اس حوالے سے فنڈز حاصل کیے جائیں۔

تازہ ترین