• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان میں حکومت کی حکمت عملی کامیاب رہی، فردوس عاشق اعوان


وفاقی کابینہ میں اپوزیشن اتحاد کے ملتان جلسے کے حوالے سے حکمت عملی پر تحفظات کے باوجود پنجاب حکومت نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ملتان میں حکومت کی حکمت عملی کامیاب رہی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے تصادم روکا، ماڈل ٹاؤن جیسا واقعہ روکنے کے لیے اہم اقدامات کیے، ہم نے حکمت عملی سے سازش کو ملیا میٹ کر دیا۔

وزیراعلیٰ کی معاون خصوصی نے مزید کہا کہ ہمارے پیارے مولانا نے حلوہ اور جلوہ دکھایا، ویڈیو ہے جس میں انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ پولیس سے گتھم گتھا ہونا ہے۔

کل راجکماری کی تقریر کے دوران آگ لگنے کی تحقیقات کرلی گئیں، آگ مسلم لیگ ن کے ایک رہنما کی آتش بازی کے باعث لگی۔


فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ملتان جلسے کے منتظمین کے خلاف مقدمہ درج کرانے کافیصلہ کیا ہے جس میں ن لیگ کے 22، پی پی کے 16 اور جے یو آئی کے 13 افراد شامل ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ کچھ نامعلوم افراد کے خلاف بھی مقدمہ درج کرایا جائےگا، ایف آئی آر کا فیصلہ انفیشکن ڈیزیز ایکٹ کی خلاف ورزی پر کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن پہلی بار اسمبلی سے باہر ہیں، پارلیمنٹ خواہشات کی بھینٹ نہیں چڑھائی جاتی، یہ عدم اعتماد لائیں گے تو دیکھیں گے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی معاون خصوصی نے کہا کہ اب صرف پی ایم ایل رہ گئی ہے ن تو رہی نہیں، پوچھتی ہوں کہاں ہیں ان کے نامی گرامی لیڈران؟ یہ سب ایک دوسرے کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔

انہوں نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کو وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ امید ہے وزیر اعلیٰ اپنے عوام کی خواہشات پر پورا اتریں گے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی معاون خصوصی نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کم کرنے والے منصوبوں کا فیصلہ کیا گیا ہے، پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی کو فعال بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تازہ ترین