کراچی (ٹی وی رپورٹ)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ ملتان جلسہ سے متعلق پنجاب حکومت کی حکمت عملی ٹھیک نہیں تھی ،اپوزیشن کو عوام کی جان و صحت عزیز نہیں تو جلسہ کا شوق پورا کرنے دیں، اپوزیشن کی خام خیالی ہے کہ مارچ میں سینیٹ الیکشن سے پہلے کچھ ہوجائے گا، مارچ میں سینیٹ کا الیکشن ہوگا اور تحریک انصاف جیتے گی،پاکستان کی حکومت اسرائیل کے ساتھ تعلقات کا سوچ بھی نہیں سکتی۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال اور پیپلز پارٹی کے رہنما علی موسیٰ گیلانی بھی شریک تھے۔احسن اقبال نے کہا کہ ملتان کے جلسہ نے حکومت کے نااہل ہونے کا ہمارا بیانیہ درست ثابت کردیا ،تین گھنٹے کے جلسے کو تین دن کا جلسہ بنانے پر حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں، حکومت کے ساتھ ڈائیلاگ نہیں ہوسکتا ، اب صرف گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ ہوسکتا ہے جو تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ہوگا۔علی موسیٰ گیلانی نے کہا کہ نیشنل ڈائیلاگ کیلئے عمران خان کو آگے بڑھنا چاہئے تھا،عمران خان سیاسی لوگوں کے بجائے باہر سے آئے ہوئے لوگوں کی با ت مانتے ہیں، ملتان میں جلسہ کی اجازت دیدی جاتی تو پورا اسٹیڈیم بھردیتے، حکومت کو عوام کی جان و مال کا خیال ہے تو لاک ڈاؤن لگادے ہم جلسہ نہیں کریں گے،حکومت میں مولانا فضل الرحمٰن کو گرفتار کرنے کی ہمت نہیں ہے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور عامر ڈوگر نےکہا کہ شاہ محمود قریشی سے اتفاق کرتا ہوں ملتان جلسہ سے متعلق پنجاب حکومت کی حکمت عملی ٹھیک نہیں تھی ، میری رائے تھی کہ اپوزیشن کو عوام کی جان و صحت عزیز نہیں تو جلسہ کا شوق پورا کرنے دیں، پی ڈی ایم کا ملتان جلسہ ہوجاتا تو انہیں اپنے وزن کا اندازہ ہوجاتا، ابھی بھی کہتا ہوں پی ڈی ایم کو لاہور میں جلسہ کرنے دیا جائے، اپوزیشن لیڈران کو کہتا رہتا ہوں کورونا کی دوسری لہر کے بعد جلسے کرلیں، یہ اپوزیشن کی خام خیالی ہے کہ مارچ میں سینیٹ الیکشن سے پہلے کچھ ہوجائے گا، مارچ میں سینیٹ کا الیکشن ہوگا اور تحریک انصاف جیتے گی۔ عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اسمبلی میں پہلے دن نیشنل ڈائیلاگ کی بات کرنی تھی لیکن اپوزیشن نے پورا ماحول خراب کردیا، حکومت کی کامیاب پالیسی کی وجہ سے معیشت اپنے پاؤں پر کھڑی ہوگئی ہے، ایکسپورٹ بڑھ رہی ہے انڈسٹری چل پڑی ہے اور روپیہ مضبوط ہورہا ہے، حکومت نے بجلی کے پیک آورز ختم کر کے انقلابی کام کیا، عمران خان کی قیادت میں پاکستان وہ ملک بننے جارہا ہے جس کا خواب قائداعظم نے دیکھا تھا، اپوزیشن 2023ء کے انتخابات میں آئے عوام جسے بہتر سمجھیں گے ووٹ دیدیں گے۔ عامر ڈوگر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو بلین ٹری پراجیکٹ کا تصور دینے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، بلین ٹری سونامی منصوبہ شفافیت اور کامیابی کے ساتھ چل رہا ہے، سپریم کورٹ کو منصوبے پر کوئی اعتراض ہے تو وزارت انہیں جواب دے گی۔عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت اسرائیل کے ساتھ تعلقات کا سوچ بھی نہیں سکتی، فلسطینیوں کا حق خود ارادیت اور آزاد فلسطینی ریاست ہمارے ایمان کا حصہ ہے، ن لیگ مودی کی یار ہے ان کے زمانے میں کشمیر کا کیا حال ہوا، آج ہم کشمیر کے ساتھ فلسطین کی آزادی کی جنگ بھی لڑرہے ہیں۔