چمن(نامہ نگار)چمن میں پاک افغان بارڈر باب دوستی فائرنگ واقعہ کے بعد دو روزہ پرتشدد واقعات کے بعد حالات معمول پر آنا شروع ہوگئے تیسرے روز بھی صبح کے وقت چند مظاہرین کی بارڈر روڈ پر ٹائر جلا کر بلوا کرنے کی کوشش کو لیویز فورس نے ناکام بنا دیا ۔دوسری جانب باب دوستی فائرنگ میں جاں بحق نوجوان کا مقدمہ سیکورٹی اہلکاروں کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ضلع قلعہ عبداللہ چمن طارق جاوید مینگل کا کہنا ہے کہ اتوار کو پاک افغان بارڈر باب دوستی پر سیکورٹی فورسز اور تاجروں کے درمیان تصادم کے دوران جاں بحق ہونے والے نوجوان 14 سالہ مطیع اللہ کا مقدمہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف درج ہوا ہے ان کا کہنا تھا کہ مقدمہ صوبائی وزیرداخلہ ضیاء لانگو کے حکم پر درج کیا گیاہے ان کے مطابق صورتحال اب معمول پر آچکی ہے تاہم منگل کے روز بارڈر روڈ پر چند لغڑیوں نے ایک بار پھر سے بلوا کرنے کی کوشش کی اور ٹائر جلا کر سڑک بند کرنے کی کوشش کی جس کو لیویز فورس نے ناکام بنا دیا ۔