• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی سٹی کا کارکنوں کو ڈسپلن کی خلاف ورزی پر شوکاز

پشاور( نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف سٹی کابینہ نے ڈسپلن اور نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر مختلف کارکنوں کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے ۔ اجلاس میں صدر سید قاسم علی شاہ، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری داخلہ و ممبر قومی اسمبلی حاجی شوکت علی، صوبائی مشیر اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش، ممبر صوبائی اسمبلی آصف خان اور سٹی کابینہ نے شرکت کی۔اجلاس میں ذیلی تنظیم سازی پر مشاورت اور طریقہ کار کو حتمی شکل دی گئی۔اجلاس میں عامر خان نامی شخص جو تحریک انصاف بچاؤ تحریک کے نام پر پارٹی ورکرز کو ورغلا رہا ہے اس کا تعلق پاکستان تحریکِ انصاف سے ہرگز نہیں ہے لہٰذا پارٹی ورکرز اس کی تمام سرگرمیوں سے الگ اور محتاط رہیں۔ اجلاس میں مشاورت کے بعد ڈسپلن اور نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر مختلف کارکنان کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے گئے ۔سوشل میڈیا پر پارٹی، لیڈرشپ اور پارٹی تنظیم کی بدنامی اور ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کسی فرد کو اجازت نہیں دی جائے گی اور شوکاز نوٹس کا تسلی بخش جواب نہ ملنے پر آئندہ کوئی بھی پارٹی عہدہ اور ذمہ داری نہیں دی جائے گی۔تمام کابینہ اور پارٹی لیڈر شپ نے عہد کیا کہ پارٹی میں سزا و جزا کے عمل کو لازمی طور پر لاگو کیا جائے گا۔
تازہ ترین